0
Monday 28 Dec 2020 21:48

وزیراعظم نے جی بی کو عبوری صوبہ بنانے کیلئے 12 رکنی کمیٹی قائم کر دی

وزیراعظم نے جی بی کو عبوری صوبہ بنانے کیلئے 12 رکنی کمیٹی قائم کر دی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں 12 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی دو ماہ کے اندر اندر سفارشات تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور، وفاقی وزیر قانون، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، اٹارنی جنرل آف پاکستان، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری دفاع، وفاقی سیکرٹری فنانس، سیکرٹری پارلیمانی امور، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، حساس اداروں کے نمائندے اور جی بی کونسل کے جوائنٹ سیکرٹری شامل ہوں گے۔ کمیٹی سپریم کورٹ آف پاکستان کے 17 جنوری 2019ء کے فیصلے اور مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں سفارشات تیار کریگی اور ساٹھ دن کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ یاد رہے کہ جی بی کو عبوری صوبہ بنانے کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان خود وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے دورہ گلگت کے دوران کیا تھا۔

عمران خان گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری میں شرکت کیلئے گلگت آئے تھے، جہاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے جی بی کو عبوری صوبہ بنانے کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ جی بی کی آئینی حیثیت کے تعین کیلئے اس سے پہلے بھی کئی کمیٹیاں بن چکی ہیں اور سفارشات بھی پیش کی جا چکی ہیں۔ سب سے اہم کمیٹی سابق وزیراعظم نواز شریف نے سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم کی تھی۔ سرتاج عزیز کمیٹی نے ڈیڑھ سال بعد جامع سفارشات تیار کرکے وفاقی حکومت کو پیش کی تھی۔ جس میں جی بی کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دینے کی تجویز دی گئی تھی۔ پاناما لیکس کے بعد جب نواز شریف وزارت عظمیٰ سے نااہل ہوئے تو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بیرسٹر ظفر اللہ کی سربراہی میں ایک اور کمیٹی بنائی، جس کی رپورٹ کی روشنی میں گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کا نفاذ کیا گیا تھا۔ 17 جنوری 2019ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے جی بی آئینی حیثیت کیس کا فیصلہ دیتے ہوئے جی بی کو تمام تر بنیادی و آئینی حقوق دینے کا حکم دیا تھا اور عدالت نے آرڈر 2019ء کو دو ہفتے میں نافذ کرنے کا حکم دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 906729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش