0
Thursday 11 Aug 2011 14:23

پاکستان کی عوام سرزمین پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کو دفاع فلسطین کے ساتھ مخصوص قرار دیتی ہے، آل پارٹیز کانفرنس

پاکستان کی عوام سرزمین پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کو دفاع فلسطین کے ساتھ مخصوص قرار دیتی ہے، آل پارٹیز کانفرنس
کراچی:اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل سے نفرت کے اظہار کے لئے کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس بعنوان "دفاع فلسطین ہی دفاع پاکستان ہے" سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر حکمران امریکی کاسہ لیسی میں مصروف عمل ہیں اور عالم اسلام و عالم اانسانیت کے سسکتے ہوئے مسئلے کو فراموش کر رہے ہیں، عالمی استعمار امریکا اور برطانیہ نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے جو دوہرا معیار روا رکھا ہوا ہے اسے ختم کرنا ہوگا، پاکستان کی عوام سرزمین پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کو دفاع فلسطین کے ساتھ مخصوص قرار دیتی ہے اور پاکستان کو امریکی کالونی نہیں بننے دیں گے، پاکستان کو بچانا ہے تو فلسطین کو بچانا ہو گا اور دنیا کے تمام ممالک یہ بات جان لیں کہ اپنے ممالک کو بچانے کے لئے ضروری ہے کہ فلسطین کا دفاع کیا جائے اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو نابود کر دیا جائے۔
کانفرنس کی صدارت جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سربراہ مولانا صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کی جبکہ کانفرنس سے پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتوں سمیت انسانی حقوق سے وابستہ اور سماجی رہنماؤں بشمو ل مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ  ناصر عباس جعفری، امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو، سربراہ جعفریہ الائنس پاکستان علامہ عباس کمیلی، مرکزی رہنما سنی تحریک شاہد غوری، مرکزی رہنما تحریک انصاف اسلم راجپوت، صدر پاکستان عوامی تحریک سندھ ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، رہنما جمعیت علمائے پاکستان مولانا عقیل انجم، سابق مشیر وزیراعلیٰ سندھ نصرت مرزا، رہنما مرکزی جمعیت علمائے پاکستان فیصل عزیزی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، رہنما جمعیت علمائے پاکستان علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، مولانا صادق رضا تقوی اور صدر لیبر پارٹی پاکستان کرامت علی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ جبکہ ہندوستان سے آئے ہوئے مہمان چیئرمین انٹرنیشنل کمیٹی برائے گلوبل مارچ ٹو یروشلم فیروز مٹھی بور والا نے خصوصی خطاب کیا جبکہ رکن پارلیمٹ برطانیہ جارج گیلوے، فری فلسطین موومنٹ امریکا ڈاکٹر پال لارودی اور بیروت لبنان سے القدس انسٹیٹیوٹ کے سربراہ سعود ابو محفوظ نے ویڈیو کانفرنس پر ریکارڈ خطاب کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ دنیا کے بیشتر حکمران امریکی کاسہ لیسی میں مصروف عمل ہیں اور عالم اسلام و عالم انسانیت کے سسکتے ہوئے مسئلے کو فراموش کر رہے ہیں، تاہم مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک اور اسلامی بیداری کی تحریکوں کے بعد اب یہ امید پیدا ہو چکی ہے اور عنقریب فلسطین آزاد ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ دفاع فلسطین دفاع پاکستان و دفاع اسلام و دفاع انسانیت ہے۔ لہذٰا ہر انسان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے بھرپور جدوجہد کرے اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف نبرد آزما ہو جائے، انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے دنیا بھر کے مسلمان اور تمام اکائیاں متحد ہو کر قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی عوام کو غاصب صہیونی ریاست اسرائیل سے نجات دلوانے میں کردار ادا کریں۔ 
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آزادی فلسطین کی تحریک میں پاکستان نے شہداء دئیے ہیں اور مستقبل میں بھی پاکستان کے غیور عوام فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں امریکا اور اسرائیل کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مارچ کے مہینے میں یروشلم کی طرف چلنے والے کاروان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر مولانا اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو ظالم قوتوں امریکا اور اسرائیل کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا اور تحریک آزادی فلسطین کے لئے صف اول کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ 
جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ عالمی استعمار امریکا اور برطانیہ نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے جو دوہرا معیار روا رکھا ہوا ہے اسے ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے فلسطین کی آزادی کے لئے مارچ کے مہینہ میں چلائے جانے والے آزادی بیت المقدس کاروان کی بھرپور حمایت کی اور پاکستان بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ قبلہ اول کی آزادی کے لئے عالمی یوم القدس منائیں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل صرف پاکستان کے ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کے دشمن ہیں۔ لہذٰا ان سے مقابلہ ہر ذی شعور انسان کا فریضہ ہے۔ 
سنی تحریک پاکستان کے مرکزی رہنما شاہد غوری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام سرزمین پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کو دفاع فلسطین کے ساتھ مخصوص قرار دیتی ہے اور پاکستان کو امریکی کالونی نہیں بننے دیں گے اور مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لئے جمعۃ الوداع کو بھرپور انداز میں عالمی یوم القدس منائیں گے اور دنیا بھر کی تحریکوں کے ساتھ جو کہ آزادی فلسطین کے لئے کام کر رہی ہیں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسلم راجپوت اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو فلسطین کو بچانا ہوگا اور دنیا کے تمام ممالک یہ بات جان لیں کہ اپنے ممالک کو بچانے کے لئے ضروری ہے کہ فلسطین کا دفاع کیا جائے اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو نابود کر دیا جائے۔
اس موقع پر بڑی تعداد میں دانشور، علماء اور مذہبی و سیاسی جماعتوں سمیت حقوق انسانی، سماجی رہنما اور طلباء رہنماؤں میں پختون ایس ایف، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، انجمن طلبہ اسلام، آئی ایس او، مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 91030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش