0
Tuesday 19 Jan 2021 12:12

اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، شاہ محمود قریشی

اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کو بھارت کا اصلی چہرہ مسلسل دکھا رہا ہے اور ہم نے بھارت کے دہشت گردوں کی معاونت کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای یو ڈس انفولیب کی رپورٹ نے ہمارے تحفظات پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کے لیے جھوٹی پراپیگنڈہ مہم شروع کی، تاہم بھارتی صحافی کی چیٹ منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہوگیا، جسے بھارت نے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے رچایا تھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سرکار نے الیکشن کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنے فوجیوں کی جان لی، دہلی میں غیر ذمہ دار حکومت سیاسی مقاصد کے لیے کچھ بھی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھارت کو خطے میں نقص امن کا ذمہ دار ٹھہرائے جبکہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بین الافغان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوں اور اپنے منطقی انجام تک پہنچیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے اندر اور باہر کچھ عناصر ہیں، جو سپائیلر کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ کراچی میں اسرائیل نامنظور کے بینرز بھی سیاسی مقاصد کے لیے لگائے جا رہے ہیں، کیونکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنی صفوں میں بڑھتے ہوئے انتشار کو چھپانا چاہتی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ کراچی کے باشعور شہری ان کی طرف توجہ نہیں دیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے اور وہ پی ڈی ایم کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ استعفوں کے معاملے پر بھی پیپلز پارٹی دو ٹوک فیصلہ سنا چکی ہے اور پیپلز پارٹی کہہ چکی ہے کہ وہ استعفے نہیں دے گی۔
خبر کا کوڈ : 911048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش