0
Tuesday 19 Jan 2021 19:35

سنی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے رابطوں کا فیصلہ

سنی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے رابطوں کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان نے قائد اہلسنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں سنی جماعتوں کے اتحاد کیلئے رابطوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جے یو پی سیکرٹریٹ لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی پیر جلیل احمد شرقپوری، ڈاکٹر امجد حسین چشتی، پیر اختر رسول قادری، خالد حبیب ایڈووکیٹ، محمد ایوب ایڈووکیٹ، معین علوی، ملک شہباز، سید شفیق شاہ گیلانی، مفتی عاشق حسین بخاری، عقیل حیدر شاہ اور دیگر رہنماء بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی غالب اکثریت ہونے کے باوجود اہل سنت کو حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، خارجی عناصر کی ریاستی امور میں مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ طالبان کے ترجمانوں کی رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی اور وزیراعظم کے گرد ناصبی عناصر کا گھیرا افسوسناک ہے، جس کی وجہ سے عوام میں تشویش بڑھ رہی ہے۔ مسلم لیگ نون کی حکومت میں لشکر جھنگوی کے سرپرست شامل تھے، تو موجودہ حکومت قیام پاکستان کے مخالف عناصر کے نرغے میں ہے۔

شرکائے اجلاس نے اتفاق کیا کہ سنی حقوق کی جدوجہد اہلسنت اتحاد کے بغیر ممکن نہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ یزید کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے مفتی منیب الرحمان کو رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے ہٹا کر حکومت نے اچھا اقدام کیا، مگر اس کی جگہ اہلسنت کے بجائے ایک مخصوص مسلک کے درباری مولوی کو چیئرمین رویت ہلال کمیٹی بنا دیا گیا ہے، جس سے لگتا ہے کہ حکومت دیگر عوامی مسائل کی طرح اسلامی معاملات پر بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ اہلسنت کو حکومتی امور میں نظر انداز کرنے کی بنیادی وجہ سے سنی جماعتوں کی تقسیم اور باہمی انتشار ہے۔ مولانا عبدالستار خان نیازی اور مولانا شاہ احمد نورانی نے نہ صرف سنی جماعتوں کو متحد رکھا بلکہ دوسرے مکاتب فکر کو بھی ساتھ لے کر چلے اور ملک میں مسلکی ہم آہنگی کی فضاء قائم کی، مگر بعدازاں جماعتوں میں دھڑے بندی اور انتہاء پسندی کیساتھ کچھ لوگوں کے ذاتی مفادات کے باعث بھی اہلسنت جماعتیں انتشار کا شکار ہوئیں۔

رہنماوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عاشقان مصطفیٰ، اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام کا احترام کرنیوالے سنی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر اسلامی نظام کے لیے جدوجہد، عقیدہ ختم نبوت اور مقام مصطفیٰ کا تحفظ کریں۔ اجلاس میں اتحاد اہل سنت کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے کنوینیر اور اراکین کا اعلان دیگر دھڑوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کے بارے میں گستاخانہ مواد کو روکا جائے۔ کچھ لوگ مسالک کے درمیان تاریخی اور فقہی اختلافات کی بنیاد پر پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات برپا کرنا چاہتے ہیں، ایسے لوگوں کو لگام دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 911126
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش