0
Sunday 7 Feb 2021 22:35

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کل سندھ تعلیمی کانفرنس کا انعقاد

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کل سندھ تعلیمی کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب صدر پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ اللہ کے دین کو اللہ کی زمین پر اللہ کے بندوں پر غالب کرنا ہمارا اولین مقصد ہے، جس کا آغاز اپنی ذات و گھر سے کرنا چاہئے، خلوص دل سے جدوجہد کرنا ہمارا کام اور نتائج اللہ کا کام ہے، اگر اس میں کوتاہی ہوئی تو پکڑ ضرور ہوگی، انسانیت کی خدمت اور رضائے الٰہی کا حصول ہمارا نصب العین ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ کل سندھ تعلیمی کانفرنس سے خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی امیر محمد حسین محنتی، عبدالغفار عمر، پروفیسر ڈاکٹر اسحاق منصوری، ناظم شعبہ محمد عظیم صدیقی، ممتاز تعلیمی ماہرین و ٹرینر شہزاد قمر، آصف حسین صدیقی، محمد پرویز، وقار احمد، ساجد الواسع، یاسین ظفر، محمد حسن کھوسہ، شبیر احمد میرانی، فیض احمد فیض،فیصل احمد، خالد خان، عاصم علی یوسف، ڈاکٹر نسیم، عظیم انور، شکیل احمد فہیم، غوث محمد، انتصار احمد غوری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صبح دس بچے سے شام پانچ بجے تک جاری رہنے والی تعلیمی کانفرنس میں کراچی تا کشمور سندھ بھر سے تحریکی تعلیمی نیٹ ورک سے وابستہ مالکان و ذمہ داران شریک تھے۔

پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ آج ہم جن حالات سے گزر رہے ہیں، اللہ کا دین کہیں بھی مکمل طور پر غالب نہیں ہے، انسانوں کی عملی زندگی سے دین دور ہے، کہنے کو تو دنیا میں پچاس سے زائد آزاد مسلم ریاستیں موجود ہیں، مگر کسی بھی اسلامی ریاست میں انسانی زندگی کا پورا نظام اللہ کے دین کے مطابق نہیں ہے۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں تعلیم و تربیت کا بڑا کردار ہوتا ہے، استاد کا پیشہ ایک مشن کا جذبہ رکھتا ہے، یہ انبیائے کرام کا مشن ہے، اسی سے ہی ہماری دنیا و آخرت بنے گی، اساتذہ کرام تربیت اور معاشرے کی اصلاح کا آغاز اپنی ذات سے کریں۔ انہوں نے ذمہ داران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کریکٹر بلڈنگ پروفیشنل ازم بلاشبہ وقت کی ضرورت ہے، مگر ہمارا مقصد نوجوان نسل کو اقامت دین کیلئے تیار اور اللہ و اس کے رسولؐ کا مکمل اطاعتِ گزار بندہ بنانا بھی پش نظر رہنا چاہیے، تعلیمی اداروں میں قیادت کی تیاری اور بچوں کو قائد بننے کیلئے تیار کیا جائے، اسلامی انقلاب اور معاشرے کو لیڈ کرنے کیلئے صالحیت کے ساتھ صلاحیت بھی ضروری ہے۔ پروگرام میں آصف حسین صدیقی، محمد عظیم صدیقی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

قبل ازیں کانفرنس میں جاری کردہ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلام اور قرآن و سنت پر مبنی تعلیمی نصاب ترتیب دیا جائے، قرآن مجید کی تعلیم کو ابتدائی جماعتوں سے اعلیٰ جماعتوں تک لازمی قرار دیا جائے، گذشتہ ادوار میں اسکولوں کے درسی کتب سے جن آیات قرآنی، احادیث، سیرت طیبہ، اصحاب کرامؓ کے تذکرے ہذف کئے گئے انہیں دوبارہ شامل کیا جائے، اسلامی تعلیمات کی روشنی میں شرم و حیا، طہارت، نکاح اور بلوغت کے مسائل طلبہ کے ذہنی سطح کے لحاظ سے شامل نصاب کئے جائیں، اُردو زبان کو آئین کے تحت عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روشنی میں فی الفور نافذ کیا جائے، جامعات کو تحقیق کے شعبے میں فنڈز فراہم کئے جائیں، میڈیکل اور انجنیئرنگ کے داخلوں میں جو بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، اس پر ایکشن لیکر طلباء اور والدین میں پائی جانے والی بے چینی کو خاتمہ کیا جائے، سندھ بھر کے امتحانی بورڈز میں پائی جانے والی کرپشن اور بدانتظامی کا نوٹس لیا جائے، مخلوط نظام تعلیم کا خاتمہ اور سیکولر این جی اوز کے بڑھتے ہوئے کردار کی روک تھام کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 914894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش