0
Tuesday 9 Mar 2021 19:56

سیاست کو ذاتی مفادات کا حصول بنانے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں، جماعت اسلامی

سیاست کو ذاتی مفادات کا حصول بنانے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے سینیٹ انتخابات کے موقع پر حکومت و اپوزیشن کی جانب سے اخلاقیات کی تمام حدیں پار کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلیل کی بجائی گالی اور عدم برداشت کے رویے نے سیاست کو بدنام، سیاسی اداروں کی توقیر اور سیاستدانوں کا تقدس ختم کر دیا ہے، اس صورتحال نے ملک کے عزت و وقار کو مجروح کرکے رکھ دیا ہے، سیاسی جماعتوں کی جانب سے سندھ اسمبلی میں معزز ممبران کی پٹائی سے لیکر سینیٹ انتخابات میں گندے پیسے اور گندی زبان استعمال کرنے پر پوری قوم رنجیدہ ہے، جماعت اسلامی ایک اصولی جماعت ہے، جو پاکستان میں اسلام کا نظام اور عوام کے اخلاق و کردار کو قرآن و سنت کے مطابق بنانا چاہتی ہے۔ اپنے ایک بیان مین محمد حسین محنتی نے کہا کہ سیاست نام ہے ملک و قوم کی خدمت کا، جو عبادت کا درجہ رکھتی ہے، اگر مقصد خدمتِ خلق ہو اور نیت صاف ہو تو یقیناً سیاست عبادت ہے، لیکن اگر سیاست میں ذاتیات، عناد، حسد اور ذاتی مفادات شامل ہو جائیں، تو پھر ایسی سیاست، عبادت تو دور کی بات، قوموں کے زوال کا باعث بن جاتی ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں عدم برداشت کا بڑھتا ہوا رجحان انتہائی افسوسناک ہے، ملکی سیاست عدم برداشت کا شکار ہے، جبکہ اب سیاسی اختلافات کو ذاتی اختلافات میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ، گالم گلوچ اور ہاتھا پائی تک چلے جانے کی سیاست پہلے کبھی نہ تھی، مگر اب آئے روز اس طرح کے واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست کو غصے، نفرت اور باہمی دشمنی کی جنگ میں تبدیل کرکے حکمران اور اپوزیشن پارٹیز ملک اور قوم کی خدمت کی بجائے ہماری نسل نو کو نفرت کی آگ میں دھکیل رہے ہیں، جس کے انتہائی بھیانک نتائج برآمد ہونگے، سیاسی مخالفت میں نفرت اور شدت پسندی نے سیاست میں عدم برداشت کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منفی رجحان کے خاتمے کیلئے سیاسی رہنماؤں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ اسلام آباد واقعے کی شفاف عدالتی تحقیقات کرکے ملوث لوگوں کو سخت سزا دی جائے اور سینئر سیاستدان بھی اپنی زبان اور رویئوں میں مثبت تبدیلی لائیں، تاکہ نفرت اور گالی کلچر کی سیاست کا خاتمہ ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 920557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش