0
Friday 12 Mar 2021 18:28

مجلس وحدت مسلمین کا پنجاب پولیس کے رویے کیخلاف احتجاج کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین کا پنجاب پولیس کے رویے کیخلاف احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے پنجاب میں عزاداران و عزاداری کے تحفظ اور پنجاب پولیس کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال کیخلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ احتجاج کا فیصلہ صوبائی و مرکزی رہنماؤں کے اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ احتجاج میں علماء کرام، کارکنان، نوحہ خوان تنظیمیں اور کارکن شریک ہوں گے۔ احتجاج کا آغاز 24 مارچ کو چنیوٹ سے کیا جائے گا۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ چنیوٹ میں بالخصوص اور پنجاب میں بالعموم پولیس انتظامیہ عزاداروں کے نام فورتھ شیڈول میں ڈال رہی ہے، تکفیری عناصر کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے پنجاب پولیس ملت تشیع کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ مجلس وحدت مسلمین بیلنس کی ہر اس پالیس کو سختی سے مسترد کرتی ہے جس میں ایک پُرامن قوم پر دہشتگردوں کے خلاف بنائے گئے قانون کو لاگو کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری ہمارا بنیادی آئینی حق اور عبادت ہے دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اس سے دور نہیں رکھ سکتی۔ انتظامیہ کی یکطرفہ کارروائیاں،  مجالس و جلوس کیخلاف بلاجواز مقدمات کا بے دریغ اندراج، عزاداروں کو ہراساں کرنا اور مسلکی سیاست کا مقصد ان قوتوں کو خوش کرنا ہے جو قومی سلامتی اور ملکی مفادات کیخلاف ہمیشہ سے سرگرم ہیں۔ محبان وطن اور شر پسندوں کو ایک ہی ترازو میں تولنے کی روش اب ختم کی جائے۔ ہم نے اس ملک میں امن کے قیام کیلئے ان گنت قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو اس بات کی قطعاً اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنے آئینی اختیارات کو ملک و قوم کے منافی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کو دھرنے یا پنجاب حکومت کیخلاف لانگ مارچ میں بدلنے کا آپشن بھی زیرِ غور ہے۔ یاد رہے کہ شیعہ علماء کونسل نے بھی اس حوالے سے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 921112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش