0
Sunday 11 Apr 2021 22:18

سکردو میں کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں، لوگ مہلک بیماری کو مذاق سمجھ رہے ہیں، ڈی ایچ او

سکردو میں کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں، لوگ مہلک بیماری کو مذاق سمجھ رہے ہیں، ڈی ایچ او
اسلام ٹائمز۔ ڈائریکٹر ہیلتھ بلتستان ریجن ڈاکٹر سید صادق شاہ نے کہا ہےکہ بلتستان میں کورونا کے کیسز 31 ہو گئے ہیں، ان میں سے 29 کیسز سکردو کے ہیں۔ اتنے سارے کیسز آنے کے باوجود لوگ کورونا کو سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں اور مہلک بیماری کو مذاق سمجھ رہے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ کورونا کو مذاق نہ سمجھیں، ورنہ صورت حال قابو سے باہر ہو جائے گی۔ پریس کلب سکردو میں معروف چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر اشرف مرحوم کی یاد میں منعقد تعزیتی ریفرنس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عجیب بات ہےکہ ہمارے لوگوں نے ماسک کو مذاق بنا دیا ہے۔ لوگوں کی بے احتیاطی کی وجہ سے کورونا تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ 31 کورونا کے کیسز کا سامنے آنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہم کورونا کو اب تک مذاق سمجھ بیٹھے ہیں۔ ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ مذاق مذاق میں کورونا سے بڑا نقصان ہوگا۔

ڈاکٹر سید صادق شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ کورونا کو سنجیدہ لیں اور احتیاطی تدابیر کو اپنائیں، ورنہ حالات بے قابو ہو جائیں گے اور ہم بڑے حادثے کا شکار ہونگے۔ سماجی دوری کو یقینی بنایا گیا تو کورونا کو شکست دی جا سکتی ہے۔ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم کسی بھی چیز کو سنجیدہ نہیں لیتے ہیں، جس کی وجہ سے ہمیشہ نقصان ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اس بات میں بھی کوئی صداقت نہیں ہے کہ ویکسینیشن سے جنس تبدیل ہوگا اور خواتین کے چہرے پر داڑھی نکلے گی۔ عوام افواہوں پر عمل نہ کریں اور قریبی مراکز سے کورونا ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ موذی مرض سے بچا جا سکے۔ اگر ویکسین سے کوئی خطرہ ہوتا تو ہم ویکسین نہ لگواتے۔ سارے ڈاکٹرز ویکسین لگوا چکے ہیں تو عام لوگوں کو کیا خطرہ ہو سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 926620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش