0
Sunday 25 Apr 2021 22:52

حکمراں کرپشن کرے تو قوم مقروض ہوکر تباہ ہو جاتی ہے، وزیراعظم

حکمراں کرپشن کرے تو قوم مقروض ہوکر تباہ ہو جاتی ہے، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومیں وسائل کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوجاتی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی جماعت تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی ویڈیو  پیغام میں سیاسی جدوجہد، مقاصد اور اہداف کے بارے میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس اللہ کا دیا سب کچھ تھا لیکن صرف ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے سیاست میں آیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے نئی ٹیکنالوجی لا رہے ہیں جو دنیا بھر سے تصدیق شدہ ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سسٹم کی وجہ سے کوئی دھاندلی نہیں کرسکتا ہے اور نہ ہی کسی کے پاس انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرنے کی گنجائش بچے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارا ملک بڑی مشکل سے ڈیفالٹ ہونے سے بچا اگر سعودی عرب، یواے ای اور چین ہماری مدد نہ کرتے تو ہم ڈیفالٹ ہو جاتے۔ مجھے اپنی ڈھائی سال کی کارکردگی پر فخر ہے۔ حکومتی کارکردگی پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارا سات آٹھ ماہ سے سرپلس میں جا رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ نے بھی زبردست پر فارمنس دی جبکہ پاکستان میں تعمیراتی شعبہ سب سے زیادہ ترقی کر رہا ہے اور ملک میں سیمنٹ کی پیدا وار ریکارڈ ہوئی ہے۔ حکومت کے مستقبل کے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دو نئے شہر اور دو ڈیمز بنانے جا رہے ہیں۔ کل سے کسان کارڈ کا پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ اسمال اور میڈیم انڈسٹریز کو خصوصی رعایتیں دے رہےہیں اور کمزور طبقے کیلیے پہلی بار گھر بنا رہے ہیں۔

اپنے سیاسی عزائم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری جدوجہد کا بنیادی مقصد امیر اور غریب کے لیے قانون کی برابری ہے، اپنی طویل سیاسی جدوجہد میں کبھی ہار نہیں مانی، بطور کرکٹر گراونڈ میں سیکھا جو آخری گیند تک ہار نہیں مانتا، اسے شکست نہیں ہوتی۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ریاست مدینہ کے نمونے پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو فلاحی ریاست بنانے، قانون کی بالادستی اور ترقی کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے عوام اور کارکنان کو پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کی مبارک باد بھی دی۔
خبر کا کوڈ : 929194
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش