0
Wednesday 16 Jun 2021 13:59

متحدہ اپوزیشن کا اسپیکر اسد قیصر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

متحدہ اپوزیشن کا اسپیکر اسد قیصر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور گالم گلوچ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی، اپوزیشن قائدین کی بیٹھک میں اہم مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔ اپوزیشن قائدین کے مابین اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کے لئے کمیٹی تشکیل دینے پر بھی اتفاق ہوا، جس کے بعد مشترکہ اتفاق رائے سے اسپیکر کے خلاف تحریک لانے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ کمیٹی میں پیپلزپارٹی کی نمائندگی شازیہ مری، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف کریں گے، اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے  ایاز صادق اور رانا ثناء اللہ کمیٹی میں شامل ہیں، جبکہ جے یو آئی کے 2 ارکان بھی شامل کئے جائیں گے۔ کمیٹی اسپیکر کے خلاف تحریک لانے کے لئے مشاورت اور وقت کا تعین کرے گی، اور دیگر اپوزیشن اور نالاں ارکان سے بھی رابطے کرے گی۔

اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جمہوریت کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کی حیثیت رکھتا ہے، اسپیکر اپنی آئینی، قانونی، جمہوری اور پارلیمانی ذمہ داریاں انجام دینے میں مکمل ناکام رہے، اسپیکر ایوان کے ہر رکن کا محافظ اور نگہبان ہوتا ہے لیکن اسد قیصر یہ فرض نبھانے کے اہل نہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں نازیبا زبان استعمال کرنے والے 7 اپوزیشن ارکان پر بندش کا فیصلہ بھی مسترد کردیا، اور مطالبہ کیا کہ معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی یکساں نمائندگی پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 938360
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش