0
Friday 9 Jul 2021 22:15

سلامتی کونسل کیجانب سے شام کو انسانی امداد کی ترسیل میں 1 سال کی توسیع

سلامتی کونسل کیجانب سے شام کو انسانی امداد کی ترسیل میں 1 سال کی توسیع
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے آج جمعے کے روز شام کو ارسال کی جانے والی انسانی امداد میں اکثریت آراء کے ساتھ 12 ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ شام کو یہ انسانی امداد وہاں قابض بین الاقوامی دہشتگردوں کے زیر تسلط واحد سرحدی گذرگاہ "باب الہوی" کے ذریعے، جو ادلب میں واقع ہے، ترکی کی وساطت سے بھیجی جاتی ہے جس میں شامی حکومت کو کسی قسم کی مداخلت کا حق حاصل نہیں جبکہ سلامتی کونسل میں منظور ہونے والی یہ قرارداد روس و امریکہ کی باہمی مفاہمت کے بعد پیش کی گئی جو بعد ازاں تمام اراکین کی مثبت رائے کے ساتھ منظور کر لی گئی۔ اس حوالے سے منعقد ہونے والے سلامتی کونسل کے آج کے اجلاس سے چین کے مستقل نمائندے نے شامی عوام کی امداد سمیت تمام معاملات میں شامی حکومت کے حق حاکمیت کا احترام بجا لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ سلامتی کونسل کے تمام اراکین، شامی عوام کے درد و الم کو جلد از جلد کم کرنے کے لئے مکمل تعاون کریں۔ یاد رہے کہ شامی حکومت سال 2011ء سے داعش و القائدہ سمیت متعدد عالمی دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے ملک پر مسلط وسیع جنگ کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ امریکہ و یورپ کی جانب سے عائد کی گئی سخت ترین پابندیوں کا سامنا بھی کر رہی ہے جبکہ دنیا بھر میں پھیلے کرونا وائرس کے باعث وہاں انسانی صورتحال مزید ابتر ہو کر رہ گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 942510
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش