0
Sunday 11 Jul 2021 23:01

ہمارے کسی رہنماء کو کوئی نقصان پہنچا تو ایف آئی آر وزیراعلیٰ کیخلاف درج کرائینگے، اسفندیار ولی

ہمارے کسی رہنماء کو کوئی نقصان پہنچا تو ایف آئی آر وزیراعلیٰ کیخلاف درج کرائینگے، اسفندیار ولی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کو کسی بھی دھمکی یا پیغامات سے ڈرایا نہیں جاسکتا، ہمارے رہنمائوں سے ایسے حالات میں سیکیورٹی واپس لی جارہی ہے جب خطرات مزید بڑھ چکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی، میاں افتخار حسین اور دیگر رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لینے کی مذمت کرتے ہوئے اسفندیارولی خان نے کہا کہ امیر حیدر خان ہوتی وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں، میاں افتخار حسین کے اکلوتے بیٹے کے قاتل کو چھڑانے کی کوششیں جاری ہیں اور الزام مدعی کے عدم دلچسپی کا لگایا جارہا ہے حالانکہ یہ دہشتگردی کی کارروائی تھی، جو اس وقت کے ترجمان صوبائی حکومت کے بیٹے کو شہید کیا گیا۔ ریاست اپنی ذمہ داری کیوں پوری نہیں کررہی؟ اے این پی کے ہر رہنما و کارکن کو نشانہ بنایا جاچکا ہے لیکن نااہل حکمران سیاسی انتقام میں اندھے ہوچکے ہیں۔ آج اگر یہ مسند اقتدار پر بیٹھے ہیں تو کل کوئی اور ہوگا، آج اتنا کریں جسے کل برداشت کرسکیں۔ موجودہ حالات میں سیکیورٹی کا واپس لینا دراصل ہمیں اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کا پیغام ہے۔

اسفندیار ولی خان نے واضح کیا کہ ہمارے کسی بھی رہنماء کو کوئی نقصان پہنچا تو ایف آئی آر آئی جی پولیس اور وزیراعلیٰ کے خلاف درج کریں گے۔ موجودہ حالات میں پشتون قوم کی بقا کیلئے جو موقف اپنایا ہے، اس پر ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہم نے اپنے لئے قربانیاں نہیں دیں بلکہ اس ملک اور قوم کی بقا کی خاطر جانیں تک قربان کیں، جس کا یہ صلہ دیا جارہا ہے۔ افغانستان میں امن کی خاطر تشدد کی بجائے مذاکرات کی حمایت اگر جرم ہے، تو ہم یہ جرم کرتے رہیں گے۔ افغان امن مذاکرات بارے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے مشروط ہے، پرامن افغانستان کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ موجودہ حالات میں پاکستان کے مثبت کردار کی ضرورت مزید بڑھ چکی ہے، ہمیں اپنی پالیسی واضح کرنی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 942893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش