0
Saturday 24 Jul 2021 21:59

عمران خان کے ریفرنڈم کے اعلان نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا، محمد جاوید قصوری

عمران خان کے ریفرنڈم کے اعلان نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا، محمد جاوید قصوری
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 80 لاکھ نہتے کشمیری پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا بیان آزادی کی خاطر اور الحاق پاکستان کے لیے قربانی دینے والے شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔ ایک لاکھ سے زائد کشمیری صرف اس لیے شہید ہوئے کہ وہ ہندوستان کے ظلم و بربریت سے نجات اور پاکستان کو اپنا وطن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ حکمران نت نئے سوشے چھوڑ کر کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایک طرف مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے مودی حکومت کا رویہ دن بدن مزید سخت ہوتا چلا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف حکومت پاکستان کو سمجھ نہیں آرہا کہ کشمیر کے حوالے سے قومی پالیسی کیا بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم جدوجہد آزادی کشمیر کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے تحریک انصاف کی حکومت نااہل اور جاہل افراد کا ٹولہ ہے، جس کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں ہے اور نہ خارجہ محاذ پر کسی قسم کی کوئی سوجھ بوجھ ہے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی اور جماعت اسلامی حکمرانوں کو کشمیر کا سودا نہیں کرنے دیں گے۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے کشمیر انتخابات سے قبل من گھڑت اور قومی اسلامی کے منافی بیانات قابل تشویش ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی عوام کشمیر ایشو پر سیاست کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیں۔
خبر کا کوڈ : 944937
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش