0
Saturday 31 Jul 2021 23:00

البیضاء میں صنعاء فورسز کی بڑی پیشقدمی، 390 مربع کلومیٹر کا علاقہ آزاد

البیضاء میں صنعاء فورسز کی بڑی پیشقدمی، 390 مربع کلومیٹر کا علاقہ آزاد
اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی مسلح افواج و عوامی مزاحمتی فورسز نے صوبہ البیضاء میں قابض تکفیری دہشتگردوں کے خلاف وسیع پیشقدمی کی ہے۔ عرب چینل المسیرہ کے مطابق ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ "النصر-2" آپریشن میں عوامی مزاحمتی فورسز کے ساتھ ساتھ یمنی مسلح افواج کی مختلف ڈویژنوں نے بھی حصہ لیا جس میں تکفیری دہشتگردوں کی دسیوں بکتر بند گاڑیاں تباہ اور بڑی مقدار میں گولہ و بارود اور جنگی سازوسامان غنیمت میں لیا گیا ہے۔

جنرل یحیی سریع نے میڈیا کو بتایا کہ جارح سعودی فورسز کی حلیف دہشتگرد جماعتوں داعش و القاعدہ کو اس آپریشن میں شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ اس معرکے میں  160 دہشتگرد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں دوسرے دہشتگرد گرفتار بھی کر لئے گئے ہیں جس کے نتیجے میں نعمان و ناطع نامی 2 اضلاع پر مشتمل 390 مربع کلومیٹر کا علاقہ مکمل طور پر آزاد کروا لیا گیا ہے جسے عوام کے لئے قابل رہائش بنانے کی خاطر مقامی سکیورٹی فورسز کے ہمراہ ملکی مسلح افواج بھی تا حال مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران داعش و القاعدہ کے ٹھکانوں کے خلاف بدر و سعیر میزائل کے 13 آپریشنز کے ساتھ ساتھ 19 ڈرون کارروائیاں بھی انجام دی گئیں۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق النصر آپریشن کے دونوں مرحلوں میں الصومعہ، الزہراء، نعمان و ناطع نامی اضلاع پر مشتمل کل 500 کلومیٹر کا علاقہ آزاد کروایا گیا جبکہ اس دوران 510 تکفیری دہشتگرد ہلاک اور 760 زخمی ہوئے ہیں۔
 

انہوں نے کہا کہ جارح سعودی فوجی اتحاد نے اس آپریشن کے دوران تکفیری دہشتگردوں کی پشت پناہی کی خاطر یمنی مسلح افواج و عوامی مزاحمتی فورسز کے خلاف 76 ہوائی حملے کئے ہیں جبکہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے دہشتگردوں کو فراہم کی جانے والی اس حمایت کے تمام ثبوت محفوظ کر لئے گئے ہیں۔ جنرل یحیی سریع نے اپنی گفتگو کے آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ یمنی مسلح افواج و عوامی مزاحمتی فورسز مقامی عوام کے تعاون سے عنقریب ہی صوبہ البیضاء کے دوسرے حصوں کو بھی دہشتگردوں کے قبضے سے پاک کر دیں گی۔
خبر کا کوڈ : 946144
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش