0
Saturday 27 Aug 2011 19:47

قبلۂ اول کی آزادی عالمِ اسلام کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے، علامہ ساجد نقوی

قبلۂ اول کی آزادی عالمِ اسلام کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے، علامہ ساجد نقوی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ پاکستان کراچی ڈویژن کے زیرِاہتمام قبلۂ اول بیت المقدس کی آزادی اور
مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی آزادی بیت المقدس ریلی کا انعقاد ریگل تا کراچی پریس کلب کیا گیا۔ اس ریلی میں بڑی تعداد میں بچوں، خواتین، نوجوانوں نے شرکت کی۔ مظاہرین امریکہ و اسرائیل کیخلاف اور آزادی بیت المقدس و فلسطین کے حق میں شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ 
ریلی سے اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ٹیلی فونک خطاب کیا جبکہ شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے سینئر نائب صدر علامہ جعفر سبحانی، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ ناظر عباس تقوی، مولانا شبیر حسن میثمی، مولانا شہنشاہ حسین نقوی، کراچی سٹی کے صدر مولانا حسن رضا رضوی، علامہ علی کرار نقوی، مولانا شبیر طاہری، مولانا جی ایم کراروی، مرکزی صدر جے ایس او پاکستان سید حسنین حیدر جعفری، جے یو آئی کے رہنما مولانا
بہادر علی چغرزئی سمیت مختلف مسالک اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی صرف عالمِ اسلام، کسی خاص خطے یا ملک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ انسانیت سے مربوط مسئلہ ہے، لیکن ذمہ داری کے لحاظ سے اس کا تعلق براہِ راست امتِ مسلمہ سے ہے جبکہ یہ مسئلہ ایک چیلج کی صورت اختیار کر چکا ہے، جس کا واحد حل اتحادِ امت میں ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ ملّتِ
پاکستان قبلۂ اول کی آزادی اور فلسطین کے مظلوم عوام کو اسرائیلی ظلم و بربریت سے نجات دلانے  کے لئے بے چین ہے، ہم ہر ظالم کے دشمن اور ہر مظلوم کے حامی ہیں چاہے وہ دنیا کے کسی گوشے میں ہو، کسی خطے میں ہو۔ چاہے وہ بحرین میں ہو، لیبیا میں ہو، مصر میں ہو، کشمیر میں ہو یا سرزمینِ پاکستان میں ہو۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ بیت المقدس پر شیطانِ بزرگ امریکہ کی پشت پناہی سے صیہونی ناجائز ریاست کی جانب سے کیا جانے والا قبضہ امت مسلمہ کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے، مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم ہماری غیرت و حمیّت پر ضربِ کاری ہیں۔ عالمی مغربی طاقتیں مسلمانوں کے مقامات مقدسہ اور ملّتوں کو نیست و نابود کرنے پر تُلی ہوئی ہیں۔ لیکن ہم ان شیطان صفّت طاقتوں کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم معراج پیغمبر ۖ کی اس نشانی بیت المقدس کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہماری یہ ریلیاں، یہ مظاہرے اقوام متحدہ، وائٹ ہائوس، عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی عدالت انصاف کے در و دیوار
ہلاتے رہیں گے لیکن مظلوم فلسطینی بھائیوں پر اسرائیلی مظالم کو کسی صورت
برداشت نہیں کریں گے۔
 مقررین نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو کر، یکجا ہو کر بیت المقدس کی آزادی کے حوالے سے کوششیں کرے۔ اقوام متحدہ کو چاہئیے کہ وہ اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور بدترین جارحیت کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے، عالمی عدالت انصاف اسرائیل کے ان جنگی جرائم پر انصاف کی آواز بلند کرے، او آئی سی اپنے کردار کو مضبوط بنائے، تاکہ ملت مظلوم آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں۔
خبر کا کوڈ : 94968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش