0
Saturday 28 Aug 2021 23:24

علامہ مفتی جعفر حسین کی اعتدال پسندی، اتحاد، یکجہتی اور تعمیری سوچ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، علامہ ساجد نقوی

علامہ مفتی جعفر حسین کی اعتدال پسندی، اتحاد، یکجہتی اور تعمیری سوچ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 29 اگست قائد ملت جعفریہ مرحوم علامہ مفتی جعفر حسین کی 38ویں برسی پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قائد مرحوم دستور کے تحت قائم ہونے والے اسلامی قوانین کے پہلے ادارے تعلیمات اسلامیہ بورڈ کے رکن تھے، 31 علماء میں شامل تھے جنہوں نے 22 نکات تدوین کئے اور نظریاتی کونسل کے بھی رکن تھے لیکن اسلامائزیشن پر اختلاف کی وجہ سے مستعفی ہوگئے تھے، انہوں نے عوام کے حقوق کے لئے جو پرامن جدوجہد کی وہ اپنی مثال آپ تھی جس میں پاکستانیت کا عنصر غالب رہا جبکہ انہوں نے شدت پسندی اور شرپسندی کی نفی کرتے ہوئے اعتدال اور اتحاد کو مدنظر رکھا، ملک کو درپیش داخلی و خارجی مسائل پر آواز بلند کی اور عوام کے جذبات کی ترجمانی اپنے اصولی موقف کے ذریعہ کی۔ آپ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور حقیقی جمہوریت کی عدم دستیابی پر ہروقت پریشان رہتے تھے کیونکہ آپ سیاسی عدم استحکام کو ملک کی بقاء کے لئے نقصان دہ سمجھتے تھے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ مفتی جعفر حسین ایک حقیقت پسند رہنماء تھے اور انہوں نے اعتدال پسندی، اتحاد و یکجہتی اور صاف ستھری سیاست کے گہرے نقوش چھوڑے جو ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ وہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنے کے خواہشمند تھے اور اس بات پر متفکر تھے کہ اگر آئین و قانون کو بالادستی حاصل نہ ہوسکی تو ملک شرپسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں میں آکر تباہی کی طرف چلا جائے گا۔ ان کی دوراندیشی اور وسیع سوچ آج کے حالات واضح کرتی ہے، ان حقیقتوں پر غور کیا جائے۔ دور آمریت میں پیرانہ سالی کے باوجود اپنے جائز اور دستوری حقوق کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانا علامہ مفتی جعفر حسین کا خاصا تھا، انہوں نے سب پر واضح کیا کہ جبر و ظلم کے ذریعہ کسی کے جائز حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالا جاسکتا چنانچہ 1980ء میں ان کی سربراہی میں حقوق کے تحفظ کے لئے تاریخی احتجاج پر، جس کی دعوت کا اعزاز ہمیں حاصل ہوا تھا، اس وقت کے حکمرانوں نے یہ یقین دہانی کرائی کہ ہر شہری کے مذہبی عقائد کا پورا پورا احترام کیا جائے گا اور کسی ایک فقہ کو دوسرے پر مسلط نہیں کیا جائے گا۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قائد مرحوم نے عمر کے آخری حصے میں حکمرانوں سے مایوس ہو کر بحالی جمہوریت کی مشہور تحریک “ایم آر ڈی” کی حمایت کا اعلان کیا، جس میں نمائندگی ہمیں سونپی گئی۔ علامہ ساجد نقوی نے مفتی جعفر حسین کی ملی، قومی، مذہبی اور علمی خدمات جس میں تصنیف و تالیف اور تراجم کے شعبے بطور خاص قابل ذکر ہیں، کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علامہ مفتی جعفر حسین کی مثبت، تعمیری اور حب الوطنی پر مبنی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے ملکی سلامتی اور قومی وحدت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 950915
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش