0
Wednesday 22 Sep 2021 00:14

سراج الحق نے 24 ستمبر کو کمر توڑ مہنگائی اور ہوشربا بیروزگاری کیخلاف ملک گیر احتجاج کی کال دیدی 

سراج الحق نے 24 ستمبر کو کمر توڑ مہنگائی اور ہوشربا بیروزگاری کیخلاف ملک گیر احتجاج کی کال دیدی 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کمر توڑ مہنگائی، بیروزگاری کی شرح میں ہوشربا اضافے اور حکمرانوں کی دیگر عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جمعہ 24 ستمبر کو ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے تمام طبقہ ہائے فکر سے اپیل کی ہے کہ ملک کے بڑے چھوٹے شہروں میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام ریلیوں اور مظاہروں میں شرکت کریں اور حکمرانوں کو واضح پیغام دیں کہ وہ مزید ظلم اور ناانصافی سہنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، حکمران اپنا قبلہ درست کریں یا گھر جانے کی تیاری کر لیں۔ امیر جماعت نے واضح پیغام دیا ہے کہ جماعت اسلامی آنے والے دنوں میں حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف احتجاج میں مزید شدت لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت جو پہلے ہی سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے کمزور اور لاچار تھی، اب مکمل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیا اور عوام کو مجموعی طور پر پچاس ہزار ارب کے لگ بھگ مقروض کر دیا۔ ایک طرف آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے ملک کو نرغے میں لے رکھا ہے، دوسری جانب مختلف مافیاز نے عوام کی گردن دبوچ رکھی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں تیس فیصد کے قریب اضافہ کا منصوبہ بنایا ہے۔ بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا بھی اعلان ہوا ہے۔ پٹرول کی قیمت پر آدھی سے زیادہ لیوی لی جا رہی ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں گذشتہ تین برسوں میں تیرہ بار اضافہ ہوا ہے۔ اشیائے خورد و نوش جن میں بنیادی ضرورت کی اشیاء مثلا دالیں، گھی، چینی، آٹا وغیرہ شامل ہیں، کی قیمتیں سو سے تین سو فیصد بڑھی ہیں۔ زرعی ادویات، کھاد، بیج اور زرعی ٹیکنالوجی وغیرہ عام کسان کی پہنچ سے دور ہیں۔ ڈی اے پی کھاد کی بوری جو تین سال قبل تین ہزار کی تھی، اب چھ ہزار سے اوپر کی ملتی ہے۔ دوسری طرف بیروزگاری کا طوفان نہیں تھم رہا۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کیا، مگر الٹا پچاس لاکھ کو مزید بے روزگار کر دیا۔ مارکیٹ میں روزی کمانے کے ذرائع مخدوش ہوگئے ہیں۔ مزدور، کسان، سرکاری ملازم سب بے حال ہیں۔ کاروباری حضرات کی اکثریت اور خاص کر کے چھوٹا تاجر حالات کا رونا رو رہا ہے۔ انہوں نے کہا یہ سب نااہل حکمرانوں کی نااہل پالیسیوں کی وجہ سے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 955070
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش