0
Wednesday 13 Oct 2021 22:49

کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی میں سالانہ یوم حسینؑ کا انعقاد

کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی میں سالانہ یوم حسینؑ کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی معروف درسگاہ این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سالانہ یوم حسینؑ کا انعقاد کیا گیا۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ یوم حسینؑ میں معروف عالم دین مولانا سید علی افضال رضوی، مفتی فیصل عزیزی، ذاکرہ اہلبیت محترمہ نشاط زہرا نے خطاب کیا، جبکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں تابندہ لاری، معروف منقبت و نوحہ خواں شجاع رضوی نے بارگاہ شہدائے کربلا میں گلہائے عقیدت نذر کیے، مظہر عباس نے سلام آخر پیش کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ، رجسٹرار سید غضنفر حسین سمیت بڑی تعداد میں طالب علموں سمیت جامعہ کے اساتذہ اور اسٹاف نے شرکت کی۔ یوم حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے مفتی فیصل عزیزی کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا وقوع پذیر ہوئے صدیاں بیت چکی ہیں، لیکن آج بھی زمانے کے قلوب و اذہان میں امام حسینؑ زندہ و جاوید ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمانے کے دلوں میں زندہ رہنا اس بات کی دلیل ہے کہ امام حسینؑ کی قربانی کا مقصد دینِ محمدیﷺ کی سربلندی تھا۔

یومِ حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی افضال رضوی کا کہنا تھا کہ ذاتِ امام حسینؑ ایسی چھاؤنی ہیں، جس میں تمام اہلِ حق جمع ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ امام حسینؑ کی ذات محورِ اتحاد ہے اور یہی ذات اتحاد بین المسلمین کی اساس ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یزیدی طرزِ فکر کا مٹنااور ظلم کے خلاف متحد ہو جانا ”حسینیت“ ہے۔ یوم حسینؑ پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ نواسہ رسولﷺ نے ایک مقام پر کہا کہ کیا تم میرے قتل سے زیادہ کچھ اور بھی کر سکتے ہو، خدا کی راہ میں شہادت ”مبارک“ہے، امام عالی مقام (ع) کی ذات ظلم کے مقابل فتح کا استعارہ ہے۔ یومِ حسین کمیٹی اور طالب علموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شیخ الجامعہ کا کہنا  تھا کہ جامعہ کے تحت منعقدہ میلاد اور دیگر محافل کا مقصد اپنے طلبا کیلئے دین شناسی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 958583
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش