0
Sunday 17 Oct 2021 10:03

سرینگر کی جامع مسجد کو نماز جمعہ کیلئے بند کرنا قابل مذمت ہے، حریت کانفرنس (م)

سرینگر کی جامع مسجد کو نماز جمعہ کیلئے بند کرنا قابل مذمت ہے، حریت کانفرنس (م)
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) نے کشمیر کی مرکزی عبادتگاہ جامع مسجد سرینگر کو نماز جمعہ کے موقعہ پر بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کووِڈ 19 کے پھیلاؤ کی آڑ میں جامع مسجد کو بند رکھنے کے بہانے پوری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔ ایک بیان میں حریت کانفرنس نے کہا کہ اس قابل مذمت طرز عمل کی وجہ سے لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر میں حکمرانوں نے اپنی منفی پالیسیوں کے نتیجے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا ہے جس کی وجہ سے حق و انصاف کے لئے کوئی بھی اپنی آواز بلند نہیں کرپا رہا ہے اور نہ ہی اظہار رائے کی آزادی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے بیان میں کہا گیا کہ عوام کو پوری طرح سر تسلیم خم کرانے کے لئے مجبور کیا گیا ہے۔ وادی کشمیر کے طول و ارض میں حالیہ کریک ڈاؤن کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے پہلے انہیں گرفتار کیا گیا اور پھر انہیں سخت قوانین اور ملزمانہ الزامات کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا چاہے اساتذہ ہوں، یا صحافی، تاجر ہوں یا نوجوان، چاہے جو بھی ہو انہیں پولیس سٹیشن میں طلب کرکے ان سے پوچھ تاچھ کا عمل جاری ہے جو حد درجہ تشویشناک ہے۔ حریت کانفرنس نے کہا کہ تنازعہ کو حل کرنے کے لئے جبر و قہر کی پالیسیوں کے بجائے عوامی خواہشات کا احترام کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 959113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش