0
Tuesday 6 Sep 2011 09:38

کوئٹہ،امریکی تعاون سے پاکستانی فورسز کا آپریشن، سینئر القاعدہ رہنما یونس الموریطانی 2 ساتھیوں سمیت گرفتار

القاعدہ کمانڈر یونس الموریطانی دو ساتھیوں سمیت امریکا کے حوالے
کوئٹہ،امریکی تعاون سے پاکستانی فورسز کا آپریشن، سینئر القاعدہ رہنما یونس الموریطانی 2 ساتھیوں سمیت گرفتار
کوئٹہ،راولپنڈی:اسلام ٹائمز۔ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی اور فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے غوث آباد میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران القاعدہ کی بین الاقوامی کارروائیوں کے ذمہ دار اہم رہنما یونس الموریطانی کو 2 ساتھیوں عبدالغفار الشامی اور مصارہ الشامی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ جس کی رہائش گاہ سے ایک لیپ ٹاپ، دو پستول اور بعض اہم دستاویزات بھی برآمد کر لیں گئیں۔ پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ آئی ایس پی آر کے کے مطابق یونس الموریطانی کو اسامہ بن لادن نے ذاتی طور پر امریکا، یورپ اور آسٹریلیا میں اقتصادی اہمیت کے اہداف کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری سونپ رکھی تھی، اس اہم گرفتاری سے القاعدہ کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے، یہ آپریشن امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی تکنیکی معاونت کے ذریعے کیا گیا، اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان مضبوط اور تاریخی انٹیلی جنس تعلقات ہیں۔ 
دوسری جانب وائٹ ہاوٴس نے القاعدہ کے اہم رہنما کی گرفتاری پر اظہار مسرت کرتے ہوئے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور اس کامیابی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان طویل المیعاد پارٹنر شپ کا مظہر قرار دیا ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق یونس الموریطانی نے وزیرستان میں ڈرون حملوں سے بچنے کیلئے کوئٹہ میں پناہ لے رکھی تھی اور وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھا، تاکہ ان کے بارے میں کسی کو کوئی شک نہ ہو۔ گرفتاری کے بعد یونس الموریطانی اور اس کے ساتھیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ سے اسلام آباد میں منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں اگلے روز افغانستان کے بگرام ائیربیس لے جایا گیا اور وہاں ابتدائی تفتیش کرنے کے بعد انہیں امریکا بھجوا دیا گیا۔
تاہم سرکاری ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق انسداد دہشت گردی کے امریکی اہلکار نے فوری طور پر گرفتاری کی تصدیق نہیں کی، تاہم کہا کہ یونس الموریطانی حملوں کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرتا رہا، اس کی گرفتاری دہشت گردوں کے خلاف ایک اور جیت ہے، گزشتہ برس یورپ میں دہشت گرد حملوں کے حوالے سے ہائی الرٹ بھی یونس الموریطانی کی وجہ سے دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ادارے نے پاکستانی سیکیورٹی اہلکار سے حوالے سے بتایا کہ القاعدہ کا سینئر رہنما ان کی حراست میں ہے جسے اس کے آبائی ملک موریطانیہ کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی اور فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران القاعدہ کی بین الاقوامی کارروائیوں کے ذمہ دار اہم رہنما یونس الموریطانی کو 2 ساتھیوں عبدالغفار الشامی اور مصارہ الشامی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ بیان کے مطابق یونس الموریطانی کو اسامہ بن لادن نے ذاتی طور پر امریکا، یورپ اور آسٹریلیا میں اقتصادی اہمیت کے اہداف کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری سونپ رکھی تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یونس الموریطانی امریکا میں تیل و گیس کی پائپ لائنوں، ڈیموں اور بین الاقوامی پانیوں میں دھماکا خیز مواد سے لدی کشتیوں کے ذریعے تیل بردار جہازوں پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ 
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اہم گرفتاری سے القاعدہ کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے، یہ آپریشن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی تکنیکی معاونت کے ذریعے کیا گیا، جن کے ساتھ آئی ایس آئی کے مضبوط اور تاریخی انٹیلی جنس تعلقات ہیں۔ بیان کے مطابق پاکستان اور امریکا کے انٹیلی جنس ادارے اپنے اپنے ملکوں کی سیکیورٹی بڑھانے کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
القاعدہ کمانڈر یونس الموریطانی دو ساتھیوں سمیت امریکا کے حوالے
 دیگر ذرائع کے مطابق القاعدہ کا سینئر کمانڈر انٹیلی جنس یونس الموریطانی دو ساتھیوں سمیت کوئٹہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد القاعدہ کے تینوں کمانڈرز کو امریکا کے حوالے کر دیا گیا۔ مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن آئی ایس آئی اور فرٹیر کور بلوچستان نے کیا۔ گرفتار ہونیوالے دیگر دو کمانڈرز میں عبدالغفار الشامی اور مصرا الشامی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق یونس الموریطانی القاعدہ کے بین الاقوامی آپریشن اور امریکی مفادات کو نقصان پہنچانے کا ذمہ دار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں کمانڈروز کو دس روز پہلے کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد ان تینوں کو اسلام آباد اور کابل منتقل کیا گیا، جس کے بعد گرفتار کمانڈرز کو امریکا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 96749
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش