0
Saturday 25 Dec 2021 10:16

کراچی، پہلے دن گرین لائن بس چلنے میں تاخیر

کراچی، پہلے دن گرین لائن بس چلنے میں تاخیر
اسلام ٹائمز۔ آج گرین بس سروس کا پہلا دن ہے تاہم سرجانی ٹاؤن عبداللّٰہ چوک اسٹیشن سے پہلی گرین بس سوا گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی، دوسری جانب گرین لائن بس کے کرائے کے معاملے پر ایک شہری مشتعل ہو گیا جس نے شور مچا دیا۔ گرین بس سے ناظم آباد جانے والا شہری کرائے کا سن کر مشتعل ہو گیا جس کا کہنا تھا کہ سرجانی ٹاؤن سے ناظم آباد جانے کے لیے 55 روپے کرایہ مانگ رہے ہیں۔ مشتعل شہری نے کہا کہ اس سے کم میں تو چنگ چی پر کرایہ لگتا ہے، یہ سب مل کر لوٹ رہے ہیں۔ گرین لائن سروس کی بسیں سرجانی ٹرمینل سے نکلنا شروع ہوئیں تاہم پہلا اسٹیشن لوگوں کے لیے تاخیر سے کھولا گیا، اسٹیشن کے باہر شہری بس کے لیے گیٹ کھلنے کے منتظر رہے۔ بزرگ شہری نے شکایت کی کہ کافی دیر سے کھڑے ہیں، بس اسٹیشن کے گیٹ بند ہیں، بس لیٹ آنی تھی تو اطلاع کے لیے کوئی بینر یا نوٹس لگا دیتے۔ سیکیورٹی عملے نے شہریوں کو جواب دیا کہ وفاقی وزیرآئیں گے اس کے بعد اسٹیشن کھولا جائے گا۔ پہلی گرین بس سوا گھنٹے کی تاخیر کے بعد سرجانی ٹاؤن سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔ واضح رہے کہ کراچی کے شہریوں کے لیے گرین لائن بس سرجانی ٹاؤن میں عبداللّٰہ چوک اسٹیشن سے نمائش چورنگی اسٹیشن تک چلائی جائے گی۔ ابتدائی طور پر بس سروس کچھ گھنٹوں کے لیے صبح 8 سے دوپہر 12 بجے تک چلے گی، اس دوران 15 دن آزمائشی طور پر 80 میں سے صرف 25 بسیں 4 گھنٹے کے لیے چلائی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 970192
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش