0
Thursday 20 Jan 2022 20:16

انار کلی دھماکے کے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، آئی جی پنجاب

انار کلی دھماکے کے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، آئی جی پنجاب
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے انارکلی بازار میں دھماکے کی تحقیقات کا سلسلہ شروع  ہو گیا ہے۔ دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان، ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر عابد خان کے ہمراہ سیف سٹی آفس پہنچے، جہاں پولیس افسران نے دھماکے کے اردگر موجود سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں فٹ کیا گیا تھا۔ دھماکے میں ایک عمارت اور آٹھ موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا، دھماکے میں ایک سے ڈیڑھ کلو مواد استعمال کیا گیا۔دھماکے سے جائے وقوعہ پر گڑھا پڑ گیا۔ پولیس اور حساس ادارے واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ سی سی ٹی وی اور سیف سٹی فوٹیجز سے تحقیقات کا عمل جاری ہے جلد ہی  دہشتگردوں کو ٹریس کر لیا جائے گا۔

سیف سٹی اتھارٹی ہیڈ آفس میں گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ انار کلی دھماکے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں سمیت تمام ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ صوبے کا امن و امان خراب کرنیوالے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب پولیس افسوسناک واقعہ میں شہید ہونیوالے شہریوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں انصاف کی جلد از جلد فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ مزید برآں آئی جی پنجاب نے انار کلی دھماکے کے پیش نظر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو اہم تنصیبات اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ عوامی مقامات پر ڈولفن، پیرو سمیت دیگر پیٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے۔ بین الصوبائی اور بین الاضلاع چیک پوسٹوں پر چیکنگ کا عمل مزید موثر بنایا جائے اور تمام اضلاع میں سرچ، سوئپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 974695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش