0
Sunday 23 Jan 2022 01:53

ملک میں اس وقت دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کا راج ہے، مشتاق خان

ملک میں اس وقت دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کا راج ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختو نخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کے حالات حکومت کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں، گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ملک میں دہشتگردی کے سات واقعات ہوئے، جعفر ایکسپریس کو بم سے اڑانے کی کوشش کی گئی، ملک میں اس وقت دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کا راج ہے، ادویات، اشیاء خوردونوش سمیت دیگر چیزوں کی بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ دسمبر اور جنوری کے بلوں میں 97 ارب روپے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایڈجسٹ کئے گئے۔ حکومت نے بروقت ایل این جی نہ خرید کر عوام سے اربوں روپے وصول کئے۔ 97 ارب روپے عمران خان اور حماد اظہر سے وصول کئے جائیں ناکہ عوام سے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی مجلس شوریٰ کے دو روزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر اور ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان، ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، سابق ایم این اے صاحبزادہ طارق اللہ، جماعت اسلامی دیر لوئر کے امیر اعزازالملک افکاری، اپر دیر کے امیر حنیف اللہ ایڈووکیٹ اور سیکرٹری اطلاعات صہیب الدین کاکاخیل بھی موجود تھے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا گیس اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے صنعتی قبرستان میں تبدیل ہو چکا ہے، آئی ایم ایف کے کہنے پر سٹیٹ بینک کا قانون منظور کر کے ملک کو ہتھکڑیاں لگا دی ہیں۔ حکمرانوں نے ملک کو عملی طور پر نیلام کر دیا ہے، بلدیاتی انتخابات میں حکومت کے عوام کے پاس جانے سے کترا رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی شکست یقینی ہے، راتوں رات من پسند نتائج حاصل کرنے کے لئے الیکشن قواعد کی خلاف ورزی کر کے افسران کے تبادلے کئے گئے۔ الیکشن کمیشن وزیراعظم، وزیر دفاع، اور دیگر وزراء کے ترقیاتی کاموں کے اعلانات کانوٹس لے، وفاقی اور صوبائی وزراء کے دوروں کے خلاف عوام کو نکال کر بھر پور مزاحمت کریں گے۔ فوج اور ڈی سیز کی بجائے الیکشن کمیشن عملہ کی ڈی آر اوز کی حیثیت سے تعیناتی وفاقی اور صوبائی حکومت پر عدم اعتماد ہے، ہم نے پہلے بلدیاتی مرحلے میں بھرپور کارکردگی دکھائی ہے، دوسرے مرحلے میں اس سے بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کے سوا کسی بھی جماعت کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 975120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش