0
Monday 12 Sep 2011 00:18

امریکہ افغانستان میں اپنی شکست و ہزیمت کا بدلہ لینے اور اس پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان میں گھس آیا ہے، جماعت اسلامی

امریکہ افغانستان میں اپنی شکست و ہزیمت کا بدلہ لینے اور اس پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان میں گھس آیا ہے، جماعت اسلامی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام 11 ستمبر کو ملک بھر میں "یوم سیاہ" کے طور پر منایا گیا۔ 11 ستمبر 2001ء کے واقعہ کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف دس سالہ امریکی جارحیت کے خلاف وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ضلعی ہیڈکوراٹرز میں احتجاجی کیمپ لگائے گئے ۔ احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں اور بعض شہروں میں سیمینارز منعقد کیے گئے جن سے جماعت اسلامی کے صوبائی و ضلعی امر عہدیداروں نے خطاب کیا۔ لاہور میں مسجد شہدا کے سامنے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ نائن الیون کا واقعہ امت مسلمہ پر امریکی سرپرستی میں جنگ مسلط کرنے کا سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ نائن الیون کے حوالے سے ہم اس پیغام کو پوری دنیا میں پہنچانا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہم جہاد کے راستے کو ترک نہیں کریں گے۔ انہوں نے بش کو بیسیویں صدی کا سب سے بڑا جھوٹا شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدر نے عراق پر خطرناک ہتھیاروں کا الزام لگا کر لاکھوں مسلمانوں کو شہید کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کی گرفتاری، لاپتہ افراد، اور خودکش دھماکے امریکی جنگ میں شامل ہونے کا تحفہ ہیں۔ منور حسن نے کہا کہ دہشتگرد ی کے ذریعے نیو ورلڈ آرڈر کو نافذ کرنے کا امریکی خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے نائن الیون کی برسی سے قبل امریکہ اپنی موت آپ مر چکا ہو گا۔ مغرب نے حضور ص اور قرآن کی اہانت کو اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے۔ مسلمانوں کے حقوق پامال اور ان کی آزادیاں چھینی گئیں۔ امریکہ افغانستان میں اپنی شکست و ہزیمت کا بدلہ لینے اور اس پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان میں گھس آیا ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل کیانی پر زور دیا کہ وہ ایمان، تقوٰی اور جہاد کے ماٹو کی طرف لوٹ آئیں اور اپنے تشخص کو بحال کریں۔ قوم سر پر کفن باندھ کر اور اپنی جانیں ہتھیلی پر لے کر اسلامی تہذیب کے غلبے کے لیے اٹھ کھڑی ہو گی۔
جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام مزار قائد سے ایم اے جناح روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ امریکہ نے عراق پر خطرناک ہتھیاروں کا الزام لگا کر لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا اور خلیج میں تیل کے ذخائر پر قبضہ کر لیا لیکن آج تک عراق سے کوئی ہتھیار برآمد نہیں کر سکا اور نہ دنیا نے امریکہ سے اس جھوٹ کے متعلق پوچھنے کی زحمت گوارا کی۔
ادھر فیصل آباد میں بھی ضلع کونسل ہال سے چوک گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، ضلعی امیر انجینئر عظیم احمد رندھاوا، سردار ظفرحسین، رائے محمد اکرم کھرل، اور محبوب الزمان بٹ نے کی۔ چوک گھنٹہ گھر میں پہنچ کر ریلی بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کو روکنے کے لیے امریکی ایجنٹوں سے جان چھڑانا ضروری ہے ۔ ملک کے تمام مسائل کا حل دیانتدار قیادت کے انتخاب میں ہے۔ قوم متحد ہو کر جماعت اسلامی کا ساتھ دے تو مشرف اور زرداری جیسے امریکہ نواز حکمرانوں سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
راولپنڈی میں جی پی او چوک میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر محمد کمال اور ضلعی امیر سجاد عباسی کی قیادت میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ اسلام آباد میں میاں محمد اسلم کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ سے فوراً کنارہ کشی کا مطالبہ کیا گیا۔
گوجرانوالہ میں احتجاجی ریلی کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان میاں مقصود احمد، بلال قدرت بٹ اور ضلعی امیر ڈاکٹر عبیداللہ گوہر نے کی۔ شیخوپورہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی شیخوپورہ شیخ محمد جمیل، ضلعی سیکرٹری جنرل رانا تحفہ دستگیر احمد اور سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد ورک نے کی۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے بہاولپور میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی دوستی اپنے پاﺅں پر کلہاڑا مارنے کے مترادف ہے۔ امریکہ نے آج تک اپنے کسی دوست کی حمایت نہیں کی بلکہ ہر موقع پر ان کے ساتھ بدترین دشمنی کا ثبوت دیا۔ سیمینار سے تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے رہنما سید تابش الورٰی اور ضلعی امیر عبدالوحید شیخ نے بھی خطاب کیا۔ سرگودھا پریس کلب میں امریکی مداخلت کے خلاف سیمینار منعقد کیا گیا جس سے سید وقاص انجم جعفری، زبیر احمد گوندل نے خطاب کیا جبکہ سیمینار سے قبل شہر میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
صوبہ سندھ کے شہروں حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص میں بھی احتجاجی ریلیاں، جلسے اور سیمینارز منعقد کیے گئے۔ پشاور پریس کلب میں سیمینار ہوا جس سے امیر جماعت اسلامی خیبر پی کے سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی دہشتگردی کے خلاف نام نہاد جنگ کا سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخواہ کو برداشت کرنا پڑا ہے ۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی صوبہ بلوچستان عبدالمتین اخونزادہ کی قیادت میں فاطمہ جناح روڈ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور بعد ازاں جلسہ ہوا جس سے مقامی رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 98058
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش