0
Sunday 22 May 2022 23:14

معیشت کی ابتر صورتحال میں موجودہ و سابقہ حکمران برابر کے شریک ہیں، جماعت اسلامی

معیشت کی ابتر صورتحال میں موجودہ و سابقہ حکمران برابر کے شریک ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ڈالر کی اونچی اڑان سے لیکر معیشت کی ابتر صورتحال میں موجودہ و سابقہ حکمران برابر کے شریک ہیں، آئی ایم ایف کی غلامی اور سودی نظام سے نجات حاصل کئے بغیر ملک قوم مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتا، مہنگائی و بیروزگاری اور معیشت کی تباہی کی بڑی وجہ بھی سودی نظام اور بیڈ گورننس ہے، جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک اور ایک نظریاتی و انقلابی پارٹی ہے، سندھ میں 26 جون کو پہلے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار سندھ بھر میں ترازو کے نشان پر بھرپور حصہ لیں گے، عوام اہل و دیانتدار امیدواروں کو کامیاب کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں سندھ میں پہلے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر تنظیمی و دعوتی امور پر غور اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی گئی۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سے صنعتی شعبہ بھی زوال پذیر ہے، جس کی وجہ سے ملک مزید معاشی مشکلات کا شکار اور عام آدمی کا جینا مشکل ہو چکا۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ نئے حکمرانوں کے آنے سے حالات میں بہتری کی تمام تر امیدیں دم توڑ چکی ہیں، سابقہ اور موجودہ حکمران ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے، سیاسی رسہ کشی اور اقتدار کو طول دینے کیلئے دست و گریباں ہیں، جبکہ عوام کو مہنگائی، بدامنی، معاشی بدحالی، بھوک و افلاس کی سونامی میں غرق کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ  آئی ایم ایف سے مذاکرات کے نتیجے میں بجلی، پیٹرول سمیت دیگر اشیائے خورونوش پر دی گئی سبسڈی کے خاتمے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، جس سے عوام زندہ درگور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو سری لنکا کی صورتحال اور ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے ساتھ بلدیاتی و عام انتخابات کو صاف و شفاف یقینی بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 995560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش