0
Friday 27 May 2022 23:07

قم، علامہ شفقت شیرازی کیطرف سے علامہ ناصر عباس جعفری کے اعزاز میں عشائیہ

قم، علامہ شفقت شیرازی کیطرف سے علامہ ناصر عباس جعفری کے اعزاز میں عشائیہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس علماء امامیہ کے سربراہ اور ایم ڈبلیو ایم کے بانی رکن علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے ایم ڈبلیو ایم کے نومنتخب چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں بین الاقوامی مذہبی اسکالرز، اسلامی تحریکوں اور اداروں کے رہنماوں نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں جامعة اهل اہلبیت کے بانی علامہ الشيخ عبد الحميد البخشي اور انکے نائب الشیخ عبدالمحسن البخشی و مدرسین کے علاوہ الولایہ انسٹیٹیوٹ حجاز کے سربراہ الشيخ محمد البحرينی، تیار الوفاء الإسلامی بحرین کے مرکزی رہنماء سید مرتضیٰ السندی، جمعیت العمل بحرین کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر راشد الراشد، تاجکستان سے السید محمود، عراق سے ڈاکٹر ابو زھراء، یمن کے تہران میں سفیر السید ابو غدیر، شام سے علامہ شیخ جواد امین و علامہ سید حسین جواد اور معروف عرب تجزیہ نگار شیخ حسین کریمو، لندن مین مقیم مذہبی اسکالر جناب علامہ غلام حر شبیری، مجلس وحدت مسلمین کے سابق ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی، شیخ عادل مہدوی اور سید شیدا حسین جعفری نے شرکت کی۔

تقریب کے آغاز پر ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور علامہ راجہ ناصر عباس کے چیئرمین کے انتخاب پر انہیں مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اعادہ کیا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری جیسی بابصیرت، باصلاحیت، متقی اور پرہیزگار اور مکتب حضرت امام خمینی ؒ کی پروردہ شخصیت کے پاکستان کی سب سے بڑی شیعہ جماعت کے سربراہ کے طور پر انتخاب سے یتیمان آل محمد کی بالخصوص اور عامۃ المسلمین کی بالعموم امیدیں بڑھ گئی ہیں کہ وہ ملک و ملت کی بہتری کے لیے قوم کی بھرپور رہنمائی کریں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے نومنتخب چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے خطاب میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبصرہ کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ دنیا ری شیپ ہو کر ایک نئی ہئیت اختیار کر رہی ہے، جس میں مزاحمتی بلاک بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ امریکی بالادستی کا سورج غروب ہوچکا ہے اور دنیا تک قطبی سے کثیر قطبی میں ڈھل چکی ہے، امریکہ طاقت اور مکاری کے بل بوتے پر اپنے اقتدار کے سورج کے غروب کے وقت کو طول دینا چاہتا ہے، جو اب ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی بابصیرت قیادت کے باعث امت مسلمہ خصوصاً تشیع کے پرافتخار دور کا آغاز ہو رہا ہے، جس کے پیچھے مجاہدین اسلام خصوصاً مزاحمتی محاذ کے شہداء کی قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکہ نے اپنی مکاری اور واضح مداخلت سے حکومت کا تختہ الٹا، تاکہ پاکستان میں عدم استحکام اور بحران کو طول دیا جاسکے۔ پاکستانی عوام اس بات کو بھانپ گئی ہے کہ ان کا اصل دشمن کون ہے، لہذا وہ اسوقت میدان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان میں حکومت کسی کی بھی آئے، لیکن جو شعور قوم کو ہوچکا ہے، وہ اب دشمن کے ساتھ کبھی کمپرمائز نہیں کرے گی۔ ہم عرصہ دراز سے پاکستان میں مردہ باد امریکہ کا نعرہ لگا رہے اور قوم کو اصل دشمن کی طرف توجہ کروا رہے ہیں اور دشمن کو بے نقاب کر رہے تھے۔ حالیہ دنوں میں ملک کے گوش و کنار اور پاکستانی ایوانوں میں اصل دشمن یعنی امریکہ کے خلاف جو نعرہ لگا اور عوام اصل دشمن کی طرف متوجہ ہوئے ہیں، یہ دراصل ہمارے نظریئے اور بیانیے کی کامیابی ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے لیے پروقار ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 996403
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش