0
Friday 29 Mar 2024 19:51

سکردو، حمایت مظلومین فلسطین و غزہ کانفرنس کی ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیں
رپورٹ: لیاقت علی انجم

جامع مسجد رگیول سکردو میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یکجہتی مظلومین فلسطین و غزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں سکردو کے جید علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کو دینی فریضہ قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ظالم اسرائیل کیخلاف قیام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے انجمن امامیہ بلتستان کے صدر سید باقر الحسینی نے کہا کہ دنیا میں بھر میں مسلمان ظلم و بربریت کا شکار ہیں، لیکن انسانی حقوق کی عالمی تنظمیں چپ چاپ تماشہ دیکھ رہی ہیں، ان تنظمیوں کی آنکھیں غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر کیوں نہیں کھلتی ہیں؟ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں صرف تماشہ ہیں، اب تک غزہ میں ہزاروں مسلمان اسرائیلی فوج کی بربریت کا شکار ہوچکے ہیں، مگر اقوام متحدہ تاحال خاموش ہے، کہاں ہیں وہ ادارے اور تنظیمیں، جو ایک کتا مرنے پر آسمان سر پر اٹھاتی تھیں، ہمیں عالمی حالات کے تناظر میں بھی ایک ہونا ہوگا، ایک دوسرے کو گلے لگانا ہوگا، کب تک ہم اقوام متحدہ کے اوپر تکیہ کریں گے، یہ محض ایک شو پیس ہے۔
 
مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سربراہ سید علی رضوی نے کہا کہ افسوس اس بات پر ہوتا ہے کہ غزہ کی صورتحال پر مسلم حکمران تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے آنکھیں بند کر لی ہیں، مسلمان متحد ہو کر یہود و نصارٰی سے لڑنے کے بجائے آپس میں دست و گریباں ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھر میں مسلمانوں کو مسائل کا سامنا ہے، دنیا میں مسلم کمیونٹی ایک بڑی طاقت ہے، مگر ہمیں اپنی طاقت کا اندازہ نہیں ہے، ہم آج بھی بیرونی اشاروں پر آپس میں ایک دوسرے کو قتل کرنے کے درپے ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف کفر کے فتوے دے رہے ہیں، جس دن ہم متحد ہوگئے، اسلام دشمن قوتوں کی شکست ہوگی۔
 
 ہم یہ اعلان کرتے ہیں کہ مسلمانوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے والے بیرونی ایجنٹ ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ محض چند پیسوں کے عوض مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ غزہ جل رہا ہے، مگر مسلمان تماشہ دیکھ رہے ہیں, ہماری حالت یہی رہے گی تو روز قیامت پیغمبر اکرم کے سامنے ہم کس منہ سے کہیں گے کہ ہم نے اسلامی اقدار کا تحفظ کیا اور مظلوموں کا ہر وقت ساتھ دیا، اگر ہم ایسا کہہ بھی دیں تو ہمارے پیارے نبی ہم سے نہیں کہیں گے کہ تم لوگ جھوٹ بول رہے ہو، اس وقت ہماری حالت کیا ہوگی۔؟ 
 
نامور عالم دین علامہ شیخ محمد علی مظفری نے کہا کہ غزہ کی صورتحال کی بنیادی وجہ مسلمانوں کی آپس کی نا اتفاقی ہے، ہم نے کبھی بھی اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے کچھ نہیں کیا، تاریخ گواہ ہے کہ مسلمان چھوٹے چھوٹے مفادات کیلئے آپس میں لڑتے رہے ہیں، آج بھی ہم نیند سے بیدار ہونے کیلئے تیار نہیں ہیں، ایسی صورت حال میں ہم کیا کامیابی حاصل کریں گے، جب بھی مسلمانوں پر ظلم ہوا ہے، ایک طبقہ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر تماشہ دیکھتا رہا ہے، یہ سلسلہ کئی صدیاں گزرنے کے باوجود آج بھی جاری ہے۔
 
نامور عالم دین شیخ یوسف کریمی نے کہا کہ اسلام ہمیں ظالم کی مخالفت اور مظلومین کی حمایت کا درس دیتا ہے۔ آج اگر ہم غزہ کی صورتحال پر خاموش رہیں گے تو اس کا واضح مطلب یہ ہوا کہ ہم اسلام کی حقیقی تعلیمات سے خالی ہیں اور ہم صرف کھوکھلے مسلمان ہیں۔ ہمارے اندر اسلام کی اصل روح نہیں ہے، ہم غزہ میں جاکر وہاں کے مظلوم مسلمان بھائیوں کی مدد نہیں کرسکتے ہیں تو ہم یہاں بیٹھ کر ان کے حق میں ایک آدھ لفظ تو بولیں اور کچھ کر نہیں سکتے ہیں تو کم از کم خاموشی تو اختیار نہ کریں۔ ہم سے قیامت کے روز ایک ایک عمل کے بارے میں پوچھا جائے گا۔
 
کانفرنس خطاب کرتے ہوئے شیخ مہدی جوادی نے کہا کہ غزہ کی صورتحال تمام عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ امت مسلمہ کو اب خاموشی کے بتوں کو توڑ کر پھینکنا ہوگا، ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی، ظلم کی داستان بہت ہی لمبی ہوگی۔ امام جمعہ والجماعت جامع مسجد رگیول نذیر انصاری نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پر خاموشی اختیار کرنا اس طرح کی بربریت کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ آج ہم خاموش رہیں گے تو غزہ کے بعد ظالموں کا رخ ہماری طرف ہوگا۔ غزہ میں ظلم و بربریت کی انتہاء کر دی گئی ہے، بربریت کی کچھ تصاویر دیکھیں تو رونگٹے کھڑے ہوگئے، رات کو سو نہ سکا، سوچنے پر مجبور ہوگیا کہ مسلمان اس قدر بے حس ہوگئے ہیں۔
 
آج اگر غزہ کے حالات پر دنیا بھر سے آوازیں اٹھتیں تو اسرائیل سرنڈر کرچکا ہوتا، مگر ہماری خاموشی نے اسرائیل کو بربریت کا حوصلہ دیا، مگر حماس نے اسرائیل کی ناک میں دم کرکے رکھا ہے۔ دنیا نے حماس اور حزب اللہ کی طاقت دیکھ لی ہے۔ کانفرنس سے دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔ شعراء نے غزہ کی صورتحال پر اپنے احتجاجی اشعار پیش کئے، منقبت خونواں اور نعت خوانوں نے بھی اپنے مخصوص انداز میں کلام پیش کرکے غزہ کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1125667
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مربوطہ فائل
ہماری پیشکش