0
Friday 22 Mar 2024 13:59

ایرانی وزیر خارجہ اور اسماعیل ھنیہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

ایرانی وزیر خارجہ اور اسماعیل ھنیہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
اسلام ٹائمز۔ گزشتہ شب اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللهیان" اور فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے پولیٹیکل بیور چیف "اسماعیل ھنیہ" کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ اس گفتگو میں فلسطین و غزہ کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسماعیل هنیه نے ولی امر مسلمین اور ایرانی صدر کے لئے پرتپاک سلام کہا۔ انہوں نے نئے شمسی سال اور ماہ رمضان کی مناسبت سے ایرانی حکومت و عوام کو مبارک باد دی۔ اس دوران انہوں نے غزہ کی سیاسی و میدانی صورت حال کی وضاحت کی۔ انہوں نے انسانی قتل عام کی صیہونی مشین کے مقابلے میں استقامت کاروں کی مضبوط ارادوں کے ساتھ ثابت قدمی کا ذکر کرتے ہوئے شمالی غزہ میں انسانی بحران کی تفصیلات بھی بیان کیں۔ انہوں نے صیہونی رژیم کی جانب سے غزہ کے عوام بالخصوص بچوں کے خلاف غذائی قلت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی پالیسی کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ تک فوری انسانی امداد کی ترسیل کے لئے راہ نکالیں۔ انہوں نے قیدیوں کے تبادلے اور نسل کشی کو روکنے کے لئے سیاسی و علاقائی کوششوں کو بھی بیان کیا۔

اسماعیل ھنیہ نے حماس کی شرائط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مطالبات فلسطینی عوام کی جائز خواہش کے مطابق ہیں۔ انہوں نے مذاکرات میں جاری پیشرفت کو سبوتاژ کرنے کی صیہونی کوششوں کا تذکرہ کیا اور مذاکرات میں کسی قسم کی ناکامی کا ذمہ دار نتین یاہو اور صیہونی رژیم کو قرار دیا۔ دوسری جانب حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ دنیا پر واضح ہے کہ نتین یاہو آخری حد تک جا چکا ہے اور صرف اپنی سیاسی زندگی کے لئے ہاتھ پاوں مار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے زور دیا ہے کہ فلسطینی مقاومت و عوام کی ثابت قدمی کی وجہ سے اسرائیل غزہ کی جنگ کی دلدل میں پھنس چکا ہے۔ انہوں نے سفارتی و بین الاقوامی محاذوں پر ایران کی کوششوں سے اسماعیل ھنیہ کو آگاہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل پر تنقید کرتے ہوئے ذمہ دار بین الاقوامی اداروں سے غزہ و مغربی کنارے میں بے گناہ فلسطینی بچوں اور خواتین کی قتل و غارت گری روکنے پر زو دیا۔ انہوں نے بغیر کسی پابندی کے غزہ کے تمام علاقوں تک بین الاقوامی انسانی امداد بھیجنے کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 1124176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش