0
Tuesday 9 Apr 2024 11:39

کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شبیر شاہ

کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شبیر شاہ
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے عید الفطر کے موقع پر کشمیری، فلسطینی اور تشدد سے متاثرہ دیگر مظلوم مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا کہ وہ غریبوں، ضرورت مندوں اور یتیموں کی مدد کریں اور ان کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ کشمیریوں اور فلسطینیوں سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو درپیش مشکلات دور کرے اور انہیں آزادی اور سکون عطا کرے۔انہوں نے فلسطین اور کشمیر میں جاری تشدد پر تشویش کا اظہار کیا جہاں قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ شہری شہید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ظالم حکومتوں کے خلاف مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کے حوالے سے شبیر شاہ نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کو مکمل کامیابی تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حوصلے اور عزم کی تعریف کرتے ہوئے ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے مزاحمتی تحریک کو آگے بڑھانے کے لئے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔
خبر کا کوڈ : 1127679
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش