0
Wednesday 10 Apr 2024 18:31

وزیراعلیٰ پنجاب نے عید کا دن ”چمن“، ”عافیت“ اور ”درالفلاح‘‘ میں گزارا

وزیراعلیٰ پنجاب نے عید کا دن  ”چمن“، ”عافیت“ اور ”درالفلاح‘‘ میں گزارا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عید کا بیشتر دن بے گھر سپیشل بچوں، خواتین اور بزرگوں کے اداروں ”چمن“، ”عافیت“ اور ”درالفلاح‘‘ میں گزارا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف  بے سہارا، بے گھر  اور بے نوا لوگوں کے درمیان پہنچ گئیں۔ سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ میں ”چمن“، ”عافیت“ اور ”درالفلاح“ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بزرگ خواتین کو حج پر بھجوانے کیلئے اقدامات کا حکم دیدیا۔ وزیراعلی مریم نواز سب سے پہلے بے سہارا  بچوں کیلئے قائم مرکز ”چمن“ پہنچیں۔ وزیراعلی مریم نواز کو دیکھ کر ”چمن“ میں ننھے بچے کھل اُٹھے۔ مریم نواز  ”چمن“ کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں۔ سب کو تحائف پیش کئے۔ بچوں کو کھلونے مٹھائیاں دیں، سپشل بچوں کیساتھ مل کر عید کیک بھی کاٹا اور انہیں کھلایا۔ وزیراعلی مریم نواز نے بچوں کے ساتھ گپ شپ لگائی۔ بچوں سے ان کی تعلیم اور مشاغل کے بارے میں دریافت کیا۔  گفٹ پیش کرنے پر بچوں نے شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلی مریم نواز بے سہارا اور بے گھر بزرگوں کیلئے قائم ”عافیت“ مرکز بھی گئیں۔ ”اولڈ ایج ہوم عافیت“ میں مقیم 39 بزرگ مرد و خواتین کی خیریت دریافت کی۔ مریض خاتون کو ساتھ بٹھا لیا اور چوڑیاں بھی پہنائیں۔ وزیراعلی مریم نواز کے عید مبارک کہنے پر بزرگ آبدیدہ ہو گئے۔ نواز شریف کی طرف سے بزرگوں کو سلام بھی دیا۔ بزرگ خاتون نے کہا کہ عید پر میرے اپنے تو نہ آئے، مریم بیٹی آ گئی، میں بہت خوش ہوں۔ بیٹیاں ملتی ہیں تو ٹھنڈ پڑ جاتی ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرا وقت آپ کیلئے ہی ہے، دعا کیجیے گا کہ عوام کی خدمت کر سکوں۔ مجھے میرے والدین کی دعائیں لگی ہیں۔ ماں باپ کی قدر نہ کرنیوالے خسارے میں جاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز والدہ مرحومہ کا ذکر کرتے ہوئے اداس ہو گئیں۔ وزیراعلی مریم نواز نے بے سہارا بیوہ خواتین کیلئے قائم ”دارالفلاح“ کا بھی دورہ کیا۔ مقیم 8 بیوہ خواتین اور ان کے بچوں سے ملاقاتیں کیں۔ بعض یتیم اور کمسن بچوں کو پیار کیا اور گلے لگا لیا۔ بچوں اور ان کی ماؤں نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو دیکھ کر اظہار مسرت کیا۔ بچوں نے ماوں نے دعا دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہی تو ہماری اپنی ہیں، اللہ آپ کو سلامت رکھے۔ سینٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، معاون خصوصی ذیشان ملک، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1127791
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش