0
Tuesday 16 Apr 2024 21:53

خیبر پختونخوا، تین روز میں تیز بارشوں کے باعث 21 افراد جاں بحق، 85 زخمی

خیبر پختونخوا، تین روز میں تیز بارشوں کے باعث 21 افراد جاں بحق، 85 زخمی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں گزشتہ تین روزکے دوران تیز بارشوں کے باعث رونما ہونے والے حادثات میں 21 افراد جاں بحق جبکہ 85 افراد زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے گزشتہ تین روز کے دوران تیز بارشوں کے باعث صوبے میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 بچے اور ایک خاتون جبکہ زخمیوں میں خواتین، مرد اور بچے شامل ہیں۔ تیز بارش کے باعث جانی و مالی حادثات صوبے کے مختلف اضلاع دیر اپر، چترال لوئر، سوات، ملاکنڈ اور باجوڑ میں رونما ہوئے۔ مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 85 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 15 گھروں کو مکمل جبکہ 70 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا۔ مسلسل تیز بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے کابل اور نوشہرہ کے مقام پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، سیلاب کے حوالے سے پہلے انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا میں 18 سے 20 اپریل تک مزید بارشوں کا امکان ہے، آج تیز دھوپ نکلی ہوئی ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 1129096
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش