0
Tuesday 16 Apr 2024 23:06

اسرائیل کیخلاف وسیع فوجی کارروائی کا اختیار رکھتے تھے، حسین امیر عبداللہیان کی انٹونیوگیوٹرس کیساتھ گفتگو

اسرائیل کیخلاف وسیع فوجی کارروائی کا اختیار رکھتے تھے، حسین امیر عبداللہیان کی انٹونیوگیوٹرس کیساتھ گفتگو
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرس کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں وزیر خارجہ اسلامی جمہوریہ ایران حسین امیر عبداللہیان نے دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر ہونے والے اسرائیلی ہوائی حملے کے جواب میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے جائز ملکی دفاع پر روشنی ڈالی ہے۔

اس موقع پر حسین امیر عبداللہیان نے تاکید کی کہ باجود اس کے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مذکورہ فوجی آپریشن کو وسیع تر دائرے میں انجام دینے کا مکمل اختیار رکھتا تھا، اس نے غاصب صیہونی رژیم کے صرف انہی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے کہ جہاں سے دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر حملہ انجام دیا گیا تھا۔

فلسطینی عوام کی مدد کے لئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کی نااہلی اور اس کی جانب سے، دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کی مذمت تک نہ کر سکنے کی وجہ سے، نتیجتاً ہمارے سامنے موجود واحد آپشن اپنا جائز دفاع اور غاصب صیہونی رژیم کو سزا دینا ہی تھا!

انہوں نے کہا کہ خطے بھر کی سلامتی ہمارے لئے بہت اہم ہے لیکن غاصب صیہونی رژیم گذشتہ 6 ماہ سے غزہ کے نہتے و بے دفاع بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کا قتل عام اور ان کی نسل کشی کر رہی ہے جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادی بھی اسے روک نہیں رہے!

انہوں نے کہا کہ کیا 6 ماہ سے جاری غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی انسانیت سوز جنگ، گھناؤنے جنگی جرائم اور نسل کشی کافی نہیں۔۔ عالمی برادری اس نسل کشی اور کھلے جنگی جرائم کو روکنے کے لئے کب عمل میں آئے گی؟

حسین امیر عبداللہیان نے غزہ کے خلاف جاری انسانیت سوز صیہونی جنگ کو روکنے اور وہاں انسانی امداد کی ترسیل کی کوششوں سمیت رفح کے علاقے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے انجام پانے والے 2 دوروں کو سراہا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں پائیدار سلامتی کی برقراری کی خاطر اٹھائے گئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے۔

ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اس ٹیلیفونک گفتگو میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرس نے غاصب اسرائیلی رژیم کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کی فوجی کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے علاقائی تنازعات میں ملوث فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا اور تاکید کی کہ میں نے گذشتہ روز ایک بار پھر، سفارتی مقامات پر کسی بھی حملے اور جارحیت کی شدید مذمت کی اور اس بات پر زور دیا ہے کہ سفارتی مقامات کو استثنی حاصل ہونی چاہیئے!

انٹونیو گیوٹرس نے غاصب صیہونی رژیم کے خلاف مزید کارروائیوں کو روکنے پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیل پر زور دیتے ہیں کہ وہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لئے مزید فوجی کارروائی نہ کرے!
خبر کا کوڈ : 1129120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش