0
Saturday 24 Feb 2024 15:37

مراد علی شاہ کا انجینئر سے وزارت اعلیٰ تک کا سفر

مراد علی شاہ کا انجینئر سے وزارت اعلیٰ تک کا سفر
خصوصی رپورٹ

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلسل تیسری بار مراد علی شاہ کو وزیر اعلی سندھ نامزد کیا گیا ہے، وہ سندھ کی تاریخ کے پہلے وزیراعلیٰ ہیں جن کے والد بھی اسی منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔ مراد علی شاہ 11 اگست 1962ء کو کراچی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم اسی شہر سے حاصل کی، انہوں نے 1985ء میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (این ای ڈی) کراچی سے سول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک چلے گئے۔ نامزد وزیراعلیٰ سندھ نے 1987ء میں امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے سول، اسٹرکچرل انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 1993ء میں انجینئرنگ اکنامکس سسٹم میں ایک اور ماسٹر کیا۔

مراد علی شاہ کو سیاست وراثت میں ملی تھی کیوں کہ ان کے والد سید عبداللہ شاہ بینظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں وزیراعلیٰ رہے تھے۔ 1996ء میں مراد علی شاہ کے والد پر کیسز دائر ہوئے تو وہ خود ساختہ جلاوطنی پر بیرون ملک چلے گئے، اس کے بعد مراد علی شاہ نے سیاست کا آغاز کیا لیکن باضابطہ طور پر انہوں نے سیاست کا آغاز 2002ء میں کیا تھا۔ 2002ء میں انہوں نے اس نشست سے الیکشن لڑا جہاں سے ان کے والد 1970ء سے 1993ء تک کامیاب ہوتے ہوئے آئے اور وہ رکن اسمبلی سندھ بنے، 2002ء میں مراد علی شاہ کو سندھ اسمبلی میں پی پی پی پارلیمانی پارٹی کا ڈپٹی لیڈر بنایا گیا۔

انہوں نے 2008ء، 2013ء، 2018ء اور 2024ء کے عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی، وہ 2008ء سے 2016ء تک صوبائی وزیر رہے۔ سید قائم علی شاہ پر رینجرز کو صوبے میں اختیارات نہ دینے اور تھر میں بچوں کی اموات سمیت مختلف واقعات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تو پی پی کی قیادت نے ان کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹا کر جولائی 2016ء میں مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ بنایا تھا۔ عام انتخابات 2018ء کے انتخابات کے بعد وہ دوسری بار سندھ کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے اور اب 2024ء کے انتخابات کے بعد انہیں تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1118275
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش