0
Wednesday 6 Mar 2024 17:42

مجلس علماء امامیہ کے زیراہتمام تربیتی اجتماع

مجلس علماء امامیہ کے زیراہتمام تربیتی اجتماع
ترتیب و تدوین: سید عدیل زیدی

مجلس علماء امامیہ پاکستان، وطن عزیز میں تبلیغ دین اور علمائے کرام کی فکری تربیت کیلئے سرگرم ادارہ ہے، جس کی سربراہی معروف عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے سیکرٹری علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کر رہے ہیں۔ مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر سایہ میں سینکڑوں مبلغین امامیہ اور آئمہ جمعہ والجماعت اپنی دینی خدمات ملک کے طول و عرض میں سرانجام دے رہے ہیں۔ مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیراہتمام گاہے گاہے مبلغین امامیہ اور آئمہ جمعہ والجماعت کی فکری تربیت کیلئے اجتماعات اور سیمنارز کا انعقاد کیا جاتا ہے، تاکہ جہاں مبلغین کی صلاحیتوں کو مزید سے مزید نکھارنے کے مواقع فراہم ہوتے رہیں، وہیں مختلف امور پر مبلغین اور آئمہ جمعہ والجماعت کا باہمی رابطہ بھی استوار رہے۔ اسی سلسلے میں مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیراہتمام  گجرات اور سرگودھا میں مبلغین امامیہ کیلئے تربیتی و فکری اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔

ادارہ الباقر کے شعبہ تبلیغات مجلس علماء امامیہ پاکستان کے اراکین کا گجرات (مدینہ سیداں) میں استقبالِ ماہ مبارک رمضان کے عنوان سے فکری اور تربیتی اجتماع منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں گجرات، وزیر آباد، حافظ آباد اور گوجرانوالہ کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے درجنوں مبلغین امامیہ اور آئمہ جمعہ والجماعت نے شرکت کی۔ مبلغین امامیہ کے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ماہِ مبارک رمضان کی فضیلت و اہمیت، ماہ مبارک میں تبلیغ کے مواقع، امامت و ولایت اور حالات حاضرہ کے موضوعات پر گفتگو کی۔ مدیر و منتظم مجلس علماء امامیہ علامہ چوہدری ضیغم عباس نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سربراہ مجلس علماء امامیہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی طرف سے اعیاد شعبانیہ کی مناسبت سے شرکاء کو تبریک و تہنیت پیش کی۔ انہوں نے مبلغین امامیہ کے لیے سربراہ ادارہ کی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے مواعظ و نصائح بیان فرمائے۔

جامعہ الولایہ اسلام آباد کے فاضل مدرس علامہ ڈاکٹر محمد اشفاق حسینی نے ماہ مبارک رمضان کی فضیلت و اہمیت کے موضوع پر شرکائے محفل سے خطاب کیا۔ مجلس علماء امامیہ کے شعبہ تربیت کے مدیر اور جامعہ الولایہ اسلام آباد کے فاضل مدرس علامہ سید جاوید حسین شیرازی نے امامت و ولایت کے موضوع پر مخاطبین سے گفتگو کی۔ ادارہ الباقر کے شعبہ مطالعات کے ڈائریکٹر اور ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری امور خارجہ سید ابن حسن بخاری نے مسئلہ فلسطین پر بیان کے علاوہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کیوجہ سے پیدا ہونے والی تشویش کے پیش نظر فیصلے کے تکنیکی و قانونی پہلوؤں اور اثرات پر روشنی ڈالی۔ مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام استقبال ماہ رمضان کے سلسلہ میں ہونے والے مبلغین امامیہ کے اجتماعات کا سلسلہ رمضان المبارک تک جاری رہے گا، جس کے تیسرے اور چوتھے مرحلے میں ملتان اور فیصل آباد ڈویژنز کے اراکین امامیہ کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔

قبل ازیں سرگوھا میں بھی مجلس علماء امامیہ پاکستان کے اراکین کا استقبال ماہ مبارک رمضان کے عنوان سے فکری اور تربیتی اجتماع منعقد ہوا، جس میں سرگودھا اور چنیوٹ ڈویژن کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے سو سے زائد آئمہ جمعہ والجماعت نے شرکت کی۔ آئمہ جمعہ والجماعت کے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے تبلیغ دین کی ضرورت و اہمیت، عصر جدید میں تبلیغ کے تقاضوں اور حالات حاضرہ کے موضوعات پر گفت و گو کی۔ علامہ ضیغم عباس نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ مجلس علماء امامیہ کے نائب صدر اور دارالعلوم محمدیہ سرگودھا کے پرنسپل علامہ ملک نصیر حسین نے ماہ مبارک رمضان اور شوال کی آمد کی مناسبت سے رویت ہلال کے فقہی، تکنیکی اور علمی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مبلغین امامیہ کے اس اجتماع میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے صوبائی صدر علامہ سید اکبر علی کاظمی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مجلس وحدت مسلمین کے موقف، بیانیے اور کامیابیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 1120706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش