اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے مدارس دینیہ میں پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جبکہ جمعۃ المبارک کے خطبات میں مسلمانان برصغیر کیلئے علیحدہ وطن کی جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی۔ جامعۃ المنتظر لاہور کی 64 سالہ تقریبات کے دوسرے اور آخری دن کا آغاز عظیم دینی درس گاہ کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا۔ وفاق المدارس الشیعہ اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، علامہ محمد افضل حیدری، علامہ موسٰی رضا جسکانی، علامہ غلام باقر گھلو اور دیگر علماء نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر علماء اور طلباء نے قومی ترانہ بھی پڑھا اور وطن عزیز کے قیام کے مقاصد بیان کئے گئے۔