0
Thursday 29 Sep 2011 01:13

حقانی گروپ کے خلاف کارروائی مسئلہ کا حل نہیں، لاکھوں قبائلی مارے جائیں گے ،عمران خان

حقانی گروپ کے خلاف کارروائی مسئلہ کا حل نہیں، لاکھوں قبائلی مارے جائیں گے ،عمران خان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ شوکت خانم ہسپتال میں نئے بلاک کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ آل پارٹیز کانفرنس میں واشگاف الفاظ میں اپنا موقف پیش کریں گے کہ حقانی گروپ کے خلاف کارروائی مسئلے کا حل نہیں، ساڑھے تین لاکھ قبائلی مارے جائیں گے، فریقین مل بیٹھ کر مسئلے پر بات چیت کریں اور اس کا پرامن حل نکالیں اس کے لئے وہ ثالثی کرنے اور حقانی گروپ کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکہ افغانستان میں اپنی جنگ بری طرح ہار چکا ہے اور وہاں سے حاصل ہونے والی بدنامی اور ناکامی کا نزلہ پاکستان پر گرانا چاہتا ہے لیکن اسے یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا ہے، وزیرستان سمیت قبائلی علاقوں میں آپریشن مسئلے کا حل نہیں بلکہ قبائلی علاقوں میں جنگ کی بجائے سیاسی بات چیت سے مسئلہ حل ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت تھوڑے سے پیسوں کے لئے امریکہ کی غلامی کر رہی ہے، اس کا نتیجہ سامنے آ گیا، اب امریکہ اپنے عوام کو یہ باور کرانا چاہتا ہے کہ وہ پاکستان کی وجہ سے ناکام ہوا، عمران خان نے کہا کہ کینسر کا علاج سستا نہیں، شوکت خانم واحد ادارہ ہے جو 107 کروڑ روپے خسارے میں بھی 75 فی صد مریضوں کا مفت علاج کر رہا ہے۔
دریں اثناء سابق گورنر پنجاب میاں اظہر سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کے لیے باضابطہ دعوت دی۔ لاہور میں میاں اظہر کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میاں اظہر کا شمار ملک کے ان قد آور سیاستدانوں میں ہوتا ہے جن کا تمام سیاسی رہنما احترام کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ میاں اظہر تیس اکتوبر کو لاہور میں ہونے والے جلسے سے قبل شمولیت اختیار کر لیں گے اور ان کی آمد سے پارٹی مزید مستحکم ہو گی۔ اس موقع پر میاں اظہر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے قریبی رفقا سے مشاورت کے بعد جلد اپنے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اعلان کریں گے۔ 

خبر کا کوڈ : 102228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش