0
Thursday 29 Sep 2011 09:17

حقانی نیٹ ورک امریکا ہی نہیں پاکستان کیلئے بھی خطرہ ہے،گراسمین، حقانی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی پہلی ترجیح ہو گی، امریکا

حقانی نیٹ ورک امریکا ہی نہیں پاکستان کیلئے بھی خطرہ ہے،گراسمین، حقانی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی پہلی ترجیح ہو گی، امریکا
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ امریکا کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین نے پاکستان کو دوست ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک، امریکا ہی نہیں، پاکستان کیلئے بھی خطرے کا باعث ہے اور یہ بات اسلام آباد کو سمجھنا ہو گی۔ ایک انٹرویو کے دوران امریکہ کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین نے پاکستان کو دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوستی آئندہ بھی رہے گی، تاہم واضح کیا کہ جو خطرات پاکستان کو لاحق ہیں وہی امریکا کیلئے بھی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حقانی نیٹ ورک جو اس وقت امریکا کیلئے سنگین خطرہ بنا ہوا ہے، وہ پاکستان کیلئے بھی اتنا ہی خطرے کا باعث ہے اور یہ بات حکومت پاکستان کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی عوام کو پیغام دیتے ہوئے مارک گراسمین کا کہنا تھا کہ ایک دوست ہونے کی حیثیت سے امریکا پاکستان کو خوشحال اور امن پسند دیکھنا چاہتا ہے۔ دونوں اتحادیوں کو ملکر دہشتگردی اور انتہا پسندی سے لڑنا ہو گا، ایسے راستے تلاش کرنے ہوں گے جو دونوں ملکوں کے مفاد میں ہوں۔
ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی پہلی ترجیح ہے۔ انسداد دہشتگردی سے متعلق دیگر معاملات بعد میں دیکھیں گے۔ واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حقانی نیٹ ورک کیخلاف مشترکہ کارروائی کے لیے پاکستان سے اعلٰی سطح پر بات چیت جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ موجودہ حالات میں پاکستان کی غیر فوجی امداد بھی جاری رہے گی۔ جب ان سے آئی ایس آئی اور حقانی نیٹ ورک تعلق کے ثبوت کا سوال کیا گیا تو ترجمان نے کہا کہ وہ انٹیلی جنس معاملات پر کوئی بات نہیں کر سکتیں۔
خبر کا کوڈ : 102332
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش