0
Monday 3 Oct 2011 00:48

بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں، منور حسن

بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں، منور حسن
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کریں۔ انہوں نے آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کی پیر کے روز ملک گیر ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ اب احتجاج کا سلسلہ پورے ملک میں پھیلے گا جسے کنٹرول کرنا مشکل ہو گا۔ اتوار کو منصورہ سے جاری کردہ اپنے بیان میں سید منور حسن نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر شہروں میں اٹھارہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جو عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو گئی ہے۔ اب عوام تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ دو روز سے حکومت کی بے حسی کے خلاف سخت احتجاج ہو رہا ہے لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ وہ اپنے محلات میں چین سے رہ رہے ہیں جبکہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے کاروباری زندگی ختم ہو چکی ہے۔ صنعت و معیشت کا پہیہ رک گیا ہے اور لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں۔ گھروں کے اندر بجلی بند ہونے سے عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہو چکا ہے اور ان میں سخت غصہ، اشتعال اور عدم برداشت پیدا ہو رہی ہے۔
آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن نے بھی کل ملک بھر میں ہڑتال کی کال دے دی ہے۔ سید منور حسن نے اس کال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ اب احتجاج کا سلسلہ پورے ملک میں پھیلے گا جسے کنٹرول کرنا مشکل ہو گا۔ منور حسن نے لاہور میں مظاہرین پر لاٹھی چارج اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے آئے روز پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں اور دیگر مصنوعات میں ناروا اضافہ کر کے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اس پر بدترین لوڈشیڈنگ سے ان کے کاروبار بند کرا دیئے ہیں اور ان کا دن کا چین اور رات کا سکون چھین لیا ہے اور انہیں پتھر کے زمانے میں پہنچا دیا ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے رویے نہ بدلے اور عوام پر ظلم بند نہ کیا تو تین سال سے زیر زمین پکنے والا لاو ا پھٹے گا اور ان کے اقتدار کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 103213
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش