0
Thursday 6 Oct 2011 01:50

فرانسیسی قونصل جنرل کی ادارہ نور حق آمد، جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات

فرانسیسی قونصل جنرل کی ادارہ نور حق آمد، جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات
کراچی:اسلام ٹائمز۔ کراچی میں تعینات فرانسیسی قونصل جنرل Christian Ramage نے قونصلیٹ جنرل Mr.Francois Xavier کے ہمراہ جماعت اسلامی کراچی کے مرکزی دفتر ادارہ نورحق کا دورہ کیا اور جماعت اسلامی کے امیر محمد حسین محنتی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی نسیم صدیقی، نگراں شعبہ امور خارجہ جماعت اسلامی کراچی مظفر ہاشمی، سیکریٹری اطلاعات سرفراز احمد، ڈپٹی سیکریٹری مسلم پرویز اور شعبہ امور خارجہ کے رکن راشد قریشی بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے فرانسیسی مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا اور ادارہ نور حق آمد پر بھرپور خیر مقدم کیا۔ انہوں نے مہمانوں کو تحفے بھی پیش کیے۔ طرفین نے خوش گوار ماحول میں پاکستان اور فرانس کے دوستانہ تعلقات، کراچی کے حالات، متوقع الیکشن، سندھ کے متاثرین بارش کیلئے امدادی سرگرمیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور امن عالم کے لئے فرانس کا کردار دنیا پر عیاں ہے، ہم نے افغانستان، عراق، کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ فرانس عالم اسلام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ضرور ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی عوام اور حکومت نے مشکل گھڑی میں 30 ٹن خوراک اور 1.5 بلین روپے سے سندھ کے متاثرین سیلاب کی بھرپور امداد کی ہے جس پر ہم ان کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف مسلمانوں کی خدمت تک محدود نہیں بلکہ منیارٹی بالخصوص مسیحی بھائیوں کے ساتھ بھی اچھے مراسم رکھے ہیں اور ان کے ساتھ بھرپور تعاون و امداد کرتی ہے۔
اس موقع پر فرانسیسی قونصل جنرل نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی سمیت پورے ملک میں ایک اہم سیاسی طاقت ہے اور آئندہ الیکشن میں اس کا اہم رول ہو گا۔ فرانس عالمی سطح پر فلسطین کی اسٹیٹ کی حیثیت سے بھرپور حمایت کرے گا اور مسلمانوں کے مسائل کا حل فرانس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ فرانسیسی مہمانوں نے جماعت اسلامی کے دفتر میں متاثرین سیلاب کیلئے قائم امدادی کیمپ کا دورہ بھی کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
خبر کا کوڈ : 104064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش