0
Thursday 13 Oct 2011 21:52

ذوالفقار مرزا ن لیگ کی حمایت میں کھڑے ہوگئے، مرزا کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کیجائے، وزارت داخلہ

ذوالفقار مرزا ن لیگ کی حمایت میں کھڑے ہوگئے، مرزا کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کیجائے، وزارت داخلہ
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وزارت داخلہ نے تمام سکیورٹی اداروں کو ایک خط جاری کیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ذوالفقارمرزا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے، وفاقی پولیس سمیت چاروں صوبائی پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ذوالفقار مرزا کے بیانات کے بعد ان کی جان کو خطرہ ہے، جس کے باعث یہ احکامات جاری کئِے گئے ہیں۔ تمام اسٹیشن برانچز کو ذوالفقار مرزا کی سیکیورٹی کے حوالے سے باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ادھر سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کے جس نظام سے عوام کو کوئی فائدہ نہ ہو اس کی حمایت کبھی نہیں کریں گے۔ نیشنل پیپلز پارٹی کے سربراہ غلام مرتضٰی جتوئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف کے نظام سے عوام نہیں بلکہ عوام کے نمائندے ککھ پتی سے لکھ پتی بن گئے۔ 
دیگر ذرائع کے مطابق سندھ میں بلدیاتی نظام کے خلاف ڈاکٹر ذولفقار مرزا کا مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل پیپلزپارٹی کے سربراہ مرتضٰی جتوئی کی رہائشگاہ پر ذوالفقارمرزا اور اراکین سندھ اسمبلی فیاض بھرت، ڈاکٹر سکندر شورو، عابد جتوئی، عارف مصطفٰی جتوئی، عمران ظفر لغاری، سابق ایم این اے ستار بچانی نے سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام کا بل پیش کرنے کے حوالے سے بات چیت کی۔ جس میں صوبے میں یکساں نظام رائج کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ 
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرتضٰی جتوئی نے کہا کہ ان کی جماعت سندھ میں یکساں نظام کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کراچی کو پانچ اضلاع میں تقسیم کرنے کی تجویز دی۔ ذوالفقار مرزا نے ایک مرتبہ پھر ایم کیو ایم کی قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر ایم کیو ایم کو آڑے ہاتھوں لیا اور مسلم لیگ ن کے موقف کی تائید کی۔ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ کراچی کو چھ اضلاع میں تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے حیدرآباد کو پرانی پوزیشن پر لانے کا بھی مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 106057
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش