0
Monday 29 May 2023 18:29
مصر کیساتھ تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کریں گے

سعودی عرب کیساتھ تعلقات کی از سر نو بحالی سید ابراہیم رئیسی کی حکومت کی بہترین پالیسی کا نتیجہ ہے، رہبر معظم انقلاب

سعودی عرب کیساتھ تعلقات کی از سر نو بحالی سید ابراہیم رئیسی کی حکومت کی بہترین پالیسی کا نتیجہ ہے، رہبر معظم انقلاب
اسلام ٹائمز۔ آج صبح رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت‌ الله "سید علی خامنه‌ ای" سے عمان کے بادشاہ "هیثم بن طارق آل سعید" اور ان کے وفد نے ملاقات کی۔ آیت‌ الله سید علی خامنه‌ ای نے ایران و عمان کے تعلقات کو دیرینہ اور مضبوط قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں وسعت دونوں ممالک کی عوام کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ انہوں نے ایرانی و عمانی فریقین کے درمیان مذاکرات کی جانب اشارہ کیا۔ اس بابت انہوں نے کہا کہ ٹھوس نتائج تک پہنچنے کے لئے ان مذاکرات کی سنجیدگی سے پیروی کی جائے اور نتیجتاََ تعلقات کو وسعت دی جائے۔ خطے میں صیہونی رژیم جیسے ناسور کا ذکر کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے حامی خطے میں بد امنی اور اختلاف پیدا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ اس وجہ سے تمام علاقائی ممالک کو اس موضوع پر توجہ دینی چاہئے۔

حضرت آیت‌ الله سید علی خامنه‌ ای نے کہا کہ عمان اور ایران کے تمام شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ کیونکہ دونوں ممالک دنیا کی مہم ترین گزرگاہ آبنائے ہرمز کے مشترکہ بینیفشری ہیں۔ رہبر معظم انقلاب نے عمان کے بادشاہ کی جانب سے مصر سے تعلقات کی بحالی کے بیانات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مصر کے ساتھ تعلقات کا خیر مقدم کریں گے اور اس حوالے سے ہمیں کوئی دقت نہیں ہے۔ عمان کے بادشاہ سے گفتگو کرتے ہوئے رہبر معظم نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان از سر نو تعلقات کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ موضوع سید ابراہیم رئیسی کی حکومت کی بہترین خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ ایرانی صدر خطے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین و وسیع تعلقات کی بحالی کی اسٹریٹجی پر عمل پیرا ہیں۔ آیت‌ الله خامنه‌ ای نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلامی حکومتوں کے درمیان تعلقات میں وسعت سے امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کرے گی۔

اپنی گفتگو کے اختتام پر رہبر معظم نے کہا کہ مسلمان ملکوں کی صلاحیتوں اور امکانات کو ایک پلیٹ فارم پر لانے سے تمام اسلامی ممالک کی حکومتوں، ملکوں اور عوام کو فائدہ حاصل ہو گا۔ اس ملاقات میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب عمان کے بادشاہ "هیثم بن طارق آل سعید" نے رہبر معظم انقلاب سے ملاقات پر کافی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پڑوسی ممالک خصوصاََ ایران کے ساتھ وسیع تعلقات کو عمان کی پالیسی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تہران میں ہونے والے مذاکرات میں تعاون کے مختلف شعبوں کے حوالے سے ہمارے اور ایرانی وفود کے درمیان تبادلہ خیال ہوا ہے۔ ہمیں امید ہے ان مذاکرات کے تسلسل سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے اور اس کے نتائج دونوں فریقین کے لئے روشن ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 1060811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش