0
Friday 21 Oct 2011 21:44

امریکی امداد نہیں تجارتی سہولیات چاہیں، پاکستان کے کردار پر تنقید سے دہشتگردی کیخلاف جنگ کو نقصان پہنچ رہا ہے، صدر زرداری

امریکی امداد نہیں تجارتی سہولیات چاہیں، پاکستان کے کردار پر تنقید سے دہشتگردی کیخلاف جنگ کو نقصان پہنچ رہا ہے، صدر زرداری
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔ صدر زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کردار پر تنقید سے دہشتگردی کے خلاف جنگ کو نقصان پہنچ رہا ہے، دوسری جانب ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہو گا۔ ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے ہمراہ پاکستان اور افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی مارک گراسمین، امریکی سفیر کیمرون منٹر اور دیگر امریکی حکام موجود تھے جبکہ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، وزیر دفاع چوہدری احمد مختار، وزیر خزانہ داکٹر عبد الحفیظ شیخ اور وزیر داخلہ رحمان ملک شامل تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً دہشتگردی کیخلاف جنگ، افغانستان کی صورتحال، مفاہمتی عمل اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران صدر زرداری نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سنجیدہ مشاورت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات باہمی احترام اور مساوات کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، صدر نے واضح کیا کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان نے کسی بھی ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان علاقائی امن خصوصاً افغان امن عمل کے لئے کی جانیو الی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس دوران ہیلری کلنٹن نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا، تاہم انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو اپنی حدود کے اندر دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف کاروائی کرنی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دیرپا تعلقات چاہتے ہیں لیکن پاکستان کو امریکی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہو گا۔
دیگر ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انسداد دہشتگردی مہم میں پاکستانی قربانیوں کو کم کر کے پیش کیا گیا جس پر پوری قوم نے متحد ہو کر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر میں امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سے گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، پاکستانی عوام دنیا اور علاقائی امن کیلئے مزید قربانیان دینے کو تیار ہے۔ تاہم پاک امریکا تعلقات برابری اور خود مختاری کے احترام پر مبنی ہونے چاہیے۔ 
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہے اور اسلام آباد امن مذاکرات سمیت افغان عوام کی قیادت میں امن عمل کی حمایت کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو امریکی امداد نہیں بلکہ تجارتی سہولیات چاہیئے۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلیری کلنٹن نے کہا کہ امریکی حکومت کی شدید خواہش ہے کہ پاکستان کے ساتھ دیرپا اور گرم جوش تعلقات قائم رہیں۔ ہمیں پاکستان کے موقف امداد نہیں تجارت کے ساتھ مکمل اتفاق ہے اور پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں اور کل جماعتی کانفرنس کی قرارداد کا بھی احترام کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 108062
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش