0
Thursday 27 Oct 2011 16:46

فوج تنہا ملک کو نہیں بچا سکتی، پاکستان کو بچانے کیلئے ہر طرح کی خدمات پیش کرنے کو تیار ہوں، الطاف حسین

فوج تنہا ملک کو نہیں بچا سکتی، پاکستان کو بچانے کیلئے ہر طرح کی خدمات پیش کرنے کو تیار ہوں، الطاف حسین
کراچی:اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے حقیقت پسندانہ طرز عمل اختیار کرنا چاہیے۔ فوج تنہا ملک کو نہیں بچا سکتی بلکہ اس کیلئے پوری قوم کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کو بچانے کیلئے میں ہر طرح کی خدمات پیش کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے یہ بات ایم کیو ایم لاہور اور ملتان زون کے کارکنوں اور ذمہ داروں سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہا کہ پنجاب کے غریب عوام قیام پاکستان سے قبل جو کربناک زندگی گزار رہے تھے اس میں آج تک کوئی کمی نہیں آئی اس لئے کہ وہ قیام پاکستان سے قبل جن جاگیرداروں، زمینداروں اور سرداروں کے غلام بنے ہوئے تھے آج بھی انہی کے غلام ہیں، آج بھی انہی کو ووٹ دیتے ہیں اور اپنی حالت بدلنے کیلئے نئے نظریہ کو اپنانے اور تبدیلی کی راہ پر چلنے کو تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ملک سے مراعات یافتہ طبقہ کی حکمرانی اور جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کیلئے آواز اٹھائی اور پنجاب کے عوام کو غریب و متوسط طبقہ کی قیادت کو ایوانوں میں بھیجنے کا پیغام دیا تو ہمارا راستہ روکنے کیلئے ہمارے خلاف 19 جون 1992ء کو فوجی آپریشن شروع کردیا گیا، پورے ملک خصوصاً پنجاب کے غریب و متوسط طبقہ کے عوام کو بدظن کرنے کیلئے ایم کیو ایم پر ملک دشمنی، غداری، دہشت گردی اور طرح طرح کے جھوٹے الزامات لگائے گئے، ایم کیو ایم کو ملک دشمن جماعت ثابت کرنے کیلئے یہاں تک کہا گیا کہ ایم کیو ایم جناح پور کے نام سے علیحدہ ریاست بنانا چاہتی ہے اور فوج نے جناح پور کے نقشہ بھی برآمد کئے ہیں۔ جب میں نے یہ چیلنج کیا کہ جناح پور کا مقدمہ سپریم کورٹ میں چلایا جائے اور اگر یہ الزام ثابت ہو جائے تو مجھے مینار پاکستان پر پھانسی دیدی جائے تو فوج نے جناح پور کے نقشہ برآمد کرنے کی تردید کردی۔ جناح پور کا الزام تو اخبارات میں شہ سرخیوں میں شائع ہوا لیکن جب فوج نے اس کی تردید کی تو وہ سنگل کالم شائع ہوئی۔ یہ کتنے ظلم کی بات ہے کہ جن کے آباؤ اجداد نے پاکستان کو بنانے اور اسے بچانے کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانی دی اور اپنا سب کچھ محض پاکستان کے نام پر قربان کردیا ان پر پاکستان دشمنی کا انتہائی شرمناک اور من گھڑت الزام لگایا گیا۔
الطاف حسین نے کہا کہ 1992ء کی طرح آج ایک بار پھر پاکستان خصوصاً پنجاب کے محروم عوام کو بدظن کرنے کیلئے ایم کیو ایم کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے اور مجھے انڈین ایجنٹ، امریکی ایجنٹ اور نجانے کیا کیا بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ اگر میں امریکہ یا کسی اور طاقت کا ایجنٹ ہوتا تو کیا کوئی مجھے ہاتھ لگانے کی جرات کر سکتا تھا؟ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان چاروں طرف سے جن خطرات میں گھرا ہوا ہے اس میں صرف ورکنگ کلاس ہی ملک کو بچا سکتی ہے، ملک کو کرپٹ جاگیردار یا وڈیرے نہیں بلکہ مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والا ایسا ایماندار فرد ہی بچا سکتا ہے جس نے غربت اور بھوک دیکھی ہو، فاقے کئے ہوں، دکھ جھیلے ہوں اور تنگدستی میں تعلیم حاصل کی ہو، جس کی جدوجہد اپنی ذات یا اپنے خاندان کے مفاد کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے ہو۔
خبر کا کوڈ : 109709
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش