1
Sunday 24 Mar 2024 15:43
فلسطین فاؤنڈیشن کے تحت یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد

جمعۃ الوداع کو سرکاری سطح پر یوم القدس منایا جائے، سیاسی و مذہبی قائدین کا مطالبہ

جمعۃ الوداع کو سرکاری سطح پر یوم القدس منایا جائے، سیاسی و مذہبی قائدین کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاونڈیشن پاکستان کی جانب سے یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی مذہبی جماعتوں قائدین سمیت اقلیتی برادری کے رہنماوں نے شرکت کی۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ کانفرنس سے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مشترکہ قرارداد پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کا ذمہ دار امریکہ ہے، فی الفور جارحیت بند کی جائے۔غزہ میں جارحیت کے خاتمہ کے ساتھ غزہ سے تمام اسرائیلی قابض فوجی باہر نکل جائیں۔غزہ کے انسانوں کی جان بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر خوارک اور ادویات سمیت ضروریات زندگی کی اشیاء کی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ کانفرنس میں ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما نہال ہاشمی، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما تاج حیدر، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما قاری محمد عثمان، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ سید باقر عباس زیدی، بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں جمعیت علمائے پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی، ایم کیو ایم کے محفوظ یار خان، جعفریہ الائنس کے جنرل سیکریٹری سید شبر رضا، جماعت اسلامی کے محمد حسین محنتی، پی ٹی آئی کے اسرار عباسی سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے رہنما بھی شریک تھے۔

کانفرنس سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ غزہ میں مکمل اور مستقل جنگ بندی کی جائے اور تباہ شدہ مکانات اور عمارتوں کی تعمیر کے لئے مسلم دنیا اور عالمی دنیا اپنا کردار ادا کرے، دنیا بھر میں رمضان المبار ک کا آخری جمعہ،جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس منایا جاتا ہے، اس سال غزہ کے ساتھ یکجہتی کے لئے حکومت پاکستان جمعۃ الوداع کو سرکاری سطح پر عالمی یوم القدس منایا جائے،مسلمان ممالک عرب اور غیرعرب ممالک سب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں، اسرائیل کو تیل، گیس اور کھانے پینے اور دیگر اشیاء کی ترسیل روک دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں حماس، جہاد اسلامی، حزب اللہ کی مکمل اور بھرہور حمایت کا اعلان کرتے ہیں، فلسطین کے ساتھ یکجہتی اور غزہ میں جارحیت کے خاتمہ کے لئے یمن کے عوام اور انصار اللہ سمیت مسلح افواج کے کردار اور اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، عراق میں اسلامی مزاحمتی تحریکوں کے گروہوں کی جانب سے غزہ میں جاری جارحیت کے خاتمہ کے لئے اقدامات اور اسرائیل مخالف کاروائیوں کی حمایت کرتے ہیں، مسئلہ فلسطین پر حکومت کی مسلسل خاموشی سوالیہ نشان ہے، عوام میں اس خاموشی پر بے چینی کی لہر پائی جاتی ہے۔

مقررین نے کہا کہ حکومت پاکستان غزہ میں جارحیت کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات انجام دے، فلسطینی عوام کی مدد کے لئے امدادی ترسیل کو یقینی بنایا جائے، فلسطین کاز سے متعلق بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی پالیسی سنہرے اصولوں میں سے ہے او ر قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ایک ناجائز ریاست قرار دیا ہے اور کبھی تسلیم نہیں کرنے کا واضح اعلان کیا، ہم اس پالیسی کی حمایت کرتے ہیں اور اس اصول کے خلاف اٹھنے والی سرکاری یا غیر سرکاری آوازوں کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک ناجائز صیہونی ریاست ہے، ہم فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطین کا فیصلہ فلسطینی عوام کی امنگوں یعنی ریفرنڈم کے ذریعہ یقینی بنانے کی حمایت کرتے ہیں، ہم کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں، کشمیر پر ہندوستانی کی جارحیت اور قبضہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقا کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پاکستان میں ایسی تمام مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہیں جن کا فائدہ براہ راست یا بلا واسطہ غاصب صیہونی حکومت تک پہنچتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1124566
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش