0
Friday 29 Mar 2024 17:32

لیکوڈ پارٹی کے رکن کینیسٹ کے بقول حماس کی دس اسٹریٹجک کامیابیاں

لیکوڈ پارٹی کے رکن کینیسٹ کے بقول حماس کی دس اسٹریٹجک کامیابیاں
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایک طرف صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو غزہ جنگ میں چھوٹی ہی سہی، اپنی کامیابی کی تصویر پیش کرنے کیلئے کوشاں ہے اور کسی قیمت پر یہ جنگ بند کرنے پر تیار نہیں ہوتا، جبکہ دوسری طرف اسی کی سربراہی میں لیکوڈ پارٹی کے ایک اعلی سطحی رہنما اور رکن کینیسٹ نے ایسی دستاویز تیار کی ہے جس میں اسرائیل کے خلاف حماس کو حاصل ہونے والی دس اسٹریٹجک کامیابیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ عبری زبان میں شائع ہونے والے صیہونی اخبار یدیعوت آحارنوٹ نے یہ دستاویز شائع کی ہے۔ اخبار اس بارے میں لکھتا ہے کہ ایسے وقت جب نیتن یاہو نے "حتمی فتح" نامی مہم چلا رکھی ہے، لیکوڈ پارٹی کے وزراء اور اراکین کینیسٹ اس کی مخالف سمت حرکت کر رہے ہیں اور غزہ جنگ میں اسرائیل کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نیتن یاہو کے دعووں اور موجودہ زمینی حقائق کے درمیان واضح تضادات پر زور دے رہے ہیں۔ اخبار یدیعوت آحارنوٹ مزید لکھتا ہے کہ کینیسٹ میں لیکوڈ پارٹی کے رکن کینیسٹ "امیت ہالیوے" نے غزہ جنگ میں حماس کی 10 اسٹریٹجک کامیابیوں کے بارے میں ایک تفصیلی دستاویز تیار کی ہے جس نے نیتن یاہو کی "حتمی فتح" پر مبنی مہم کو پارٹی کے اندر سے ہی شدید چیلنج کا شکار کر ڈالا ہے۔
 
عبری اخبار یدیعوت آحارنوٹ امیت ہالیوے کے بقول لکھتا ہے کہ غزہ جنگ میں حماس کی درج ذیل دس اسٹریٹجک کامیابیاں ایک بہت ہی غم انگیز نتیجہ ہے:
1)۔ اسرائیل کے خلاف اچانک حملہ اور فوجی کامیابی حاصل کرنا،
2)۔ عالمی نظام میں خودمختار فلسطینی ریاست کی تشکیل کو فلسطینیوں کے حتمی مطالبے کے طور پر متعارف کروانا،
3)۔ اسرائیلی یرغمالیوں کا کارڈ استعمال کر کے اسرائیلی معاشرے کے اتحاد پر کاری ضرب لگانا اور رائے عامہ کو اپنے حق میں تبدیل کر دینا،
4)۔ اسرائیل کے خلاف مزید نئے محاذ کھول دینا،
5)۔ 80 ہزار صیہونیوں کو (مقبوضہ فلسطین میں) جبری طور پر جلاوطنی اختیار کر دینے پر مجبور کر دینا،
6)۔ سیاسی لحاظ سے اسرائیل کو گوشہ گیر کر دینا،
7)۔ مغربی دنیا کے روشن خیال افراد کا (حماس اور فلسطینی عوام کی) حمایت کا اعلان کرنا اور حماس کے اقدامات کی اخلاقی توجیہات پیش کرنا،
8)۔ دنیا بھر میں "اینٹی یہودیت" پر مبنی عظیم لہر پیدا کر دینا،
9)۔ اسرائیل کے خلاف سمندری محاصرہ قائم کر دینا (بحیرہ احمر میں اسرائیلی بحیر جہازوں اور مقبوضہ فلسطین کی جانب جانے والے بحری جہازوں پر یمن کی مسلح افواج کے میزائل اور ڈرون حملوں کی طرف اشارہ ہے)،
10)۔ اسرائیل کو شدید اقتصادی نقصان پہنچانا۔
 
صیہونی اخبار یدیعوت آحارنوٹ اپنی رپورٹ کے آخر میں لکھتا ہے کہ امیت ہالیوے، لیکوڈ پارٹی کے وہ واحد رکن کینیسٹ نہیں جو غزہ جنگ میں اسرائیل کی کارکردگی اور کابینہ کے فیصلوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ کینیسٹ میں لیکوڈ پارٹی کے ایک اور رکن نے بھی اس بارے میں کہا ہے کہ تمام تر موجودہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں غزہ کے بارے میں جو کچھ کرنا چاہئے تھا ہم نے وہ نہیں کیا اور نیتن یاہو تزلزل کا شکار ہو چکا ہے اور بدستور تذبذب کا شکار ہے۔
خبر کا کوڈ : 1125634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش