0
Friday 29 Mar 2024 17:06

امریکہ، صیہونی رژیم کے زوال میں رکاوٹ ہے، جنرل باقری اور اسماعیل ھنیہ کا تبادلہ خیال

امریکہ، صیہونی رژیم کے زوال میں رکاوٹ ہے، جنرل باقری اور اسماعیل ھنیہ کا تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے شعبہ سیاسیات کے سربراہ "اسماعیل هنیه" ایک وفد کے ہمران اِن دنوں تہران کے دورے پر ہیں۔ جہاں انہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ ایرانی آرمی چیف جنرل "محمد باقری" سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جنرل محمد باقری نے کہا کہ انشاءلله شہداء کے خون کی برکت سے قدس آزاد ہو گا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس سال یوم القدس دیدنی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے آغاز سے اب تک مسئلہ فلسطین ہماری اولین ترجیح رہا ہے، جسے بلاشبہ ہم اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ جنرل محمد باقری نے 7 اکتوبر کی بے مثال کارروائی کی جانب اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے صیہونی رژیم کو ناقابل برداشت شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس قابل فخر آپریشن نے جارح اسرائیل کے ناقابل تسخیر ہونے کے افسانے کو تہس نہس کر دیا اور فلسطین کو عالم اسلام سمیت پوری دنیا کا پہلا مسئلہ بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کم عرصے میں دشمن پر حیران کن کاری ضرب کو کامیاب اور غیر معمولی آپریشن سمجھتے ہیں۔ ہم آپ کو ایسے منصوبہ ساز اور شہادت پسند ساتھیوں کی موجودگی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

جنرل محمد باقری نے کہا کہ اگر امریکہ، اسرائیل کی مدد نہ کرتا تو یقیناََ یہ رژیم نابود ہو چکی ہوتی۔ اس سب کے جواب میں ابھی تک صیہونی رژیم نے فقط بے گناہ افراد، خواتین، بچوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے خلاف بھوک کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے۔ انہوں نے تمام دباؤ کے خلاف فلسطینی عوام کی بے مثال مزاحمت کی جانب اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے نہتے عوام دنیا کے سامنے اسلامی طاقت کا مظہر ہیں اور اسی وجہ سے مستقبل قریب میں ہم عوامی حمایت کے سبب فتح کی مٹھاس دیکھ سکیں گے۔ دوسری جانب حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے ایرانی کمانڈرز کے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کا انعقاد ظاہر کرتا ہے کہ ایران کی مسلح افواج فلسطین کاز میں کتنی دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی مسائل فلسطینی عوام کے مطالبات کو نظر انداز کرنے کا سبب بن گئے تھے لیکن 7 اکتوبر کے آپریشن کے بعد الہیٰ فضل کی بدولت فلسطینی عوام کے دلوں کی باتیں دنیا نے سنیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی فورسز و عوام کی حمایت ہمارے جہادی گروہوں کے لئے آپریشن طوفان الاقصیٰ کی انجام دہی کے لئے حوصلے کا باعث بنی۔

اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ مظلوموں کی آواز بلند کرنے اور مستکبرین کا گلہ گھونٹنے کے سلسلے میں جنرل قاسم سلیمانی شہید کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔ اپنی گفتگو کے اختتام پر اسماعیل هنیه نے رہبر معظم انقلاب، اسلامی جمہویہ ایران کے اعلیٰ حکام، مسلح افواج کے سربراہان اور سپاہ پاسدارن انقلاب کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 1125638
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش