0
Monday 14 Nov 2011 22:37

پیپلزپارٹی چھوڑنے والے خود زیرو ہو گئے، اقتدار کا بھوکا کسی کا نہیں ہوتا، گورنر پنجاب

کرسی کی سیاست کرنیوالوں کا کوئی اصول نہیں ہوتا، راجہ پرویز اشرف
پیپلزپارٹی چھوڑنے والے خود زیرو ہو گئے، اقتدار کا بھوکا کسی کا نہیں ہوتا، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے شاہ محمود قریشی کے مستعفی ہونے پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی چھوڑنے والے خود زیرو ہو چکے ہیں، اقتدار کا بھوکا شخص کسی کا نہیں ہوتا۔ پیپلزپارٹی بڑی پارٹی ہے، لوگ آتے جاتے رہے ہیں۔ شاہ محمود پہلے بھی ہمارے ساتھی نہیں تھے یہ ضیاءالحق کے ساتھی تھے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اقتدار کا بھوکا شخص کسی کا نہیں ہوتا، شاہ محمود قریشی پیپلز پارٹی کے تھے نہ کسی اور کے ہیں وزراتوں کے لئے پارٹیاں بدلتے رہتے ہیں۔ وہ خود ضیاءالحق کی شوریٰ میں رہے اور ان کے والد بھی ضیاء کے نامزد کردہ گورنر تھے۔ شاہ محمود قریشی کے جانے سے پارٹی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی مضبوط ہے۔
کرسی کی سیاست کرنیوالوں کا کوئی اصول نہیں ہوتا، راجہ پرویز اشرف
سابق وفاقی وزیر بجلی اور پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص پارٹی بدلتا ہے تو کوئی نفسیاتی وجوہات بھی ہوتی ہیں، کرسی کی سیاست کرنیوالوں کا کوئی اصول نہیں ہوتا۔ شاہ محمود قریشی کی جانب سے پارٹی اور اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے پر اپنے رد عمل میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شاہ محمود بتائیں صدر زرداری کے بی بی کے وژن سے ہٹنے کا راز کب کھلا، پیپلزپارٹی کوئی تانگہ پارٹی نہیں ہے، وزیراعظم کا مقابلہ کسی اور سے نہیں کیا جا سکتا، گیلانی صاحب نے پارٹی کیلئے 5 سال جیل کاٹی۔ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی پیٹریاٹ میں جانیوالوں کو بھی پارٹی میں واپس آنا پڑا، بڑی پارٹی میں لوگ ڈیپوٹیشن پر بھی آ جاتے ہیں۔ ردعمل کے دوران پرویز اشرف یہ مصرعہ بھی پڑھا کہ ''کب کھلا تم پر یہ راز، وزارت چھوڑنے سے پہلے یا وزارت چھوڑنے کے بعد'' اور ''موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں''۔
 پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارٹی چھوڑنا شاہ محمود قریشی کا ذاتی فیصلہ ہے، ماضی میں بھی کئی لوگوں نے پارٹی چھوڑی اب ان کا کہیں نام و نشان نہیں۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک سمندر کی طرح ہے کسی ایک فرد کی مرہون منت نہیں۔ شاہ محمود قریشی پہلے نواز شریف کے ساتھ تھے پھر ہمارے ساتھ آئے۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی صاحب نے پارٹی کے لیئے پانچ سال جیل کاٹی ہے۔ پپلز پارٹی کوئی تانگہ پارٹی نہیں ہے۔ بڑی پارٹی میں لوگ ڈیپیوٹیشن پر بھی آ جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 114004
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش