0
Tuesday 15 Nov 2011 01:11

خیبر پختونخوا حکومت کا ہفتے میں 2 چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت کا ہفتے میں 2 چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے وفاق کی طرف سے ہفتے میں دو چھٹیوں کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر باقی صوبے ہفتے میں دوچھٹیوں کے حق میں ہوں تو ایسی صورت میں جمہوری فیصلے کی خیبر پختونخوا حکومت بھی حمایت اور عمل کرے گی جبکہ وفاق سے درخواست کی ہے کہ چاروں صوبوں کو فی الحال مروجہ اصولوں کے مطابق ذکواة فنڈز ریلیز کیا جائے، یہ بات صوبہ خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان و صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے صوبائی کابینہ کے 41 ویں خصوصی اجلاس کے بعد صحافیوں کو پر یس بریفنگ کے دوران کہی، اجلاس کیبنٹ روم سول سیکرٹریٹ میں پشاو رمیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی کے زیر صدارت منعقد ہوا ، اجلاس میں اٹھارویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں صوبوں کو منتقل ہونے والے وفاقی محکموں کے حوالے سے درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی اور بعض فیصلے کیے گئے۔
صوبائی وزیر میاں افتخار حسین نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے نتیجے میں 17 وزارتیں اور ڈویژن صوبو ں کو منتقل ہوئے، ان کے ساتھ ان محکموں کے ملازمین کو بھی صوبوں کو دیا گیا کیونکہ اٹھارویں ترمیم کے عمل درآمد کمیشن میں فیصلہ ہوا تھا کہ ان ملازمین کو سروس سے نہیں نکلا جائے گا، اب تک مجموعی طور پر 4 ہزار 107 ملازمین کو صوبہ خیبر پختونخوا میں کھپایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے وزیر اطلاعات کی سربراہی میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکرٹری قانون، سپیشل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور متعلقہ محکمے کے سیکرٹری پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی ہے جو ان ملازمین کے معاملات خصوصاََ ڈیپوٹیشن الائونس وفاق کے ساتھ طے کرے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وفاق کی طرف سے  ہفتے میں پانچ دن کام اور دو دن چھوٹی سے متعلق فیصلے پر بحث کی اور اس سے اتفاق نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ ہفتے میں چھ دن کام کے اوقات 39 گھنٹے بنتے ہیں جبکہ پانچ دن کام کے اوقات 40 گھنٹے بنتے ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال کے تجربہ سے ثابت ہوا ہے کہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں ہفتہ میں پانچ دن کام اور دو چھٹیوں کے فیصلے سے توانائی کی بچت میں کوئی مدد نہیں ملی تاہم اگر صوبے ملکر کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو اتفاق رائے کیلئے اس فیصلے پر عمل درآمد کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 114031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش