0
Tuesday 15 Sep 2009 14:12

پرویز مشرف کے بیان پر امریکی وزارت خارجہ کا ردِ عمل

پرویز مشرف کے بیان پر امریکی وزارت خارجہ کا ردِ عمل
امریکہ نے کہا ہے کہ وہ ان اطلاعات کو بہت سنجیدگی سے لے رہا ہے جن میں کہا گیا ہے پاکستان نے امریکہ سے ملنے والی امداد اور اسلحہ کو ممکنہ طور پر بھارت کے خلاف استعمال کیا ہے۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے اپنے ایک تازہ انٹرویو میں کہا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملنے والی امداد کے تحت ملنے والے جنگی ساز و سامان کے بھارت کے خلاف استعمال کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ انہوں نے کسی کو دھوکہ دیا یا نہیں۔ جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملک کے تحفظ کے لیے پاکستانی فوج نے تمام وسائل کو ہر جگہ استعمال کیا ہے۔ پیر کے روز امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ایئن کیلی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ کی پالیسی یہی ہے کہ اس کی جانب سے دیا گیا اسلحہ بھارت کے خلاف  ہرگز استعمال  نہ کیا جائے اور امریکہ ان الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہا ہے کہ پاکستان نے اس اسلحہ کو بھارت کے ساتھ ملنے والی سرحد پر تعینات کیا ہے یا کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ایئن کیلی نے کہا کہ پرویز مشرف اب ایک عام شہری ہیں اس لیے انہوں نے جو کہا ہے اس کی مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں لیکن امریکہ کی پالیسی کا جہاں تک تعلق ہے وہ واضح ہے۔ بھارت نے بھی جنرل مشرف کے اس بیان پر سخت رد عمل ظاہر کیا تھا۔ بھارت نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر پاکستان کو دی جانے والی فوجی امداد پر کڑی نگاہ رکھی جانی چاہیے تا کہ اس کا غلط استعمال نہ کیا جا سکے۔ جنرل مشرف کے اس دعوے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہ امریکہ سے ملنے والی فوجی امداد کو ہندوستان کے خلاف دفاعی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے بھی استعمال کیا گیا تھا، ہندوستان کے نائب وزیر خارجہ ششی تھرور نے کہا کہ انہیں یہ سُن کر کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے۔ "ہم کئی برسوں سے یہ کہتے رہے ہیں کہ امریکہ سے پاکستان کو ملنے والی امداد ہمارے خلاف استعمال کی جاسکتی ہے۔ ہم اس بات کی تو حمایت کرتے ہیں کہ پاکستان کو دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے، اس دہشت گردی کا جو اسی کی سرزمین سے پنپ رہی ہے، غیر ملکی امداد دی جانی چاہیے لیکن یہ تو نہیں ہونا چاہیے کہ یہ امداد ہمارے ہی خلاف استعمال کی جائے۔ جنرل مشرف کے بیان سے ہمارے موقف کی تصدیق ہوتی ہے"۔ ششی تھرور نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان سے پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
2009-09-15-12:15:00
خبر کا کوڈ : 11701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش