0
Wednesday 30 Nov 2011 12:52

پاکستان نے امریکی امداد نہ لینے پر مشاورت شروع کر دی ہے، فردوس عاشق اعوان

پاکستان نے امریکی امداد نہ لینے پر مشاورت شروع کر دی ہے، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ہم نے ہوم ورک شروع کر دیا ہے کہ ہم کتنی امداد امریکہ سے لے رہے ہیں۔ وعدے کتنے کے کئے گئے۔ ہمارا دہشتگردی کی جنگ میں نقصان کتنا ہوا۔ یہ سب اعداد و شمار اکٹھے کرنے اور امداد سے انکار کی صورت میں ہمیں کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے او ر انہیں کیسے متبادل ذرائع سے پورا کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منگل کے روز وفاقی کابینہ کے گورنر ہاوس لاہور میں ہونے اجلاس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے وزیر خزانہ کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ امداد سے انکار کے بعد کی صورتحال کے بارے میں کابینہ کے اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کریں۔ 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افغانستان میں امن عمل عزیز ہے لیکن پہلے اپنے ملک کی سلامتی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر امریکہ اور دیگر ممالک سے حملہ کے بعد مذاکرات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو افواج کے سربراہ کی جانب سے کرائی گئی تحقیقات کے نتائج اور ان پر عملدر آمد کے منتظر ہیں، ورنہ پاکستان کے فیصلے اپنی جگہ پر برقرار ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو ٹیلی فون کر کے اعتماد میں لیا اور ان سے مشاورت کی۔ ا نہوں نے کہا کہ اختلافات کے باوجود قومی قیادت ملکی سلامتی پر متفق ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بون کانفرنس کے بائیکاٹ کا فیصلہ خارجہ پالیسی کا ٹرننگ پوائنٹ ہے، ہو سکتا ہے کہ ہمیں کچھ مزید فیصلے بھی کرنا پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے عوامی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے درست فیصلے کئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 118626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش